پاکستانتازہ ترین

بادلوں کی دھواں دھار اننگز جاری، ملک بھر میں موسلا دھار بارشیں، نشیبی علاقے زیر آب، مزید 6 افراد جاں بحق

لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ (ویب ڈیسک) ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث مختلف شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جبکہ چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مسلسل بارشوں سے فصلوں، سڑکوں اور شہری زندگی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

لاہور میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق

لاہور کے علاقے گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں فاروقیہ مسجد کے قریب ایک مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ مبین، ان کی 40 سالہ اہلیہ اور 11 سالہ بیٹی فاطمہ شامل ہیں، جبکہ 14 سالہ ایمل کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق مکان کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی۔

قصور اور بہاولنگر میں بھی حادثات

قصور میں مسلسل بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 7 سالہ بچے سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب بہاولنگر میں سرکلر روڈ پر بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال

ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جس کے باعث کئی خاندان محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔

سرگودھا میں بھی دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے کئی کھیت اور آبادیاں زیر آب آگئیں، جس سے زرعی فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

کراچی میں بارش، 100 سے زائد فیڈر ٹرپ

کراچی کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، صدر، محمود آباد، ناظم آباد، لیاری، گلشن حدید، گڈاپ، گرو مندر، جمشید روڈ، بلدیہ، نیول کالونی اور مواچھ گوٹھ میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔

بارش کے دوران کے الیکٹرک کے 100 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، جس کے باعث شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دریائے راوی میں نچلے درجے کا سیلاب

دریائے راوی میں کمالیہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایس ڈی او ایریگیشن کے مطابق مل فتیانہ کے مقام سے تقریباً 50 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے مل فتیانہ، کوٹ پٹھانہ، اڈا کلیرا، موضع تارا، حویلی مائی صفوراں، کوٹ کرم شاہ اور ڈیڈھی میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں۔

سیلابی پانی کے باعث مل فتیانہ، خان دا چک، جھلار سگلہ، شہابل شاہ، بستی پیپل والا اور موضع درسانہ میں زرعی فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button