پراپرٹی خریدنے اور بیچنے پر عائد ایڈوانس ٹیکس میں کمی کی منظوری
یکم جولائی سے شروع ملک بھر میں پراپرٹی کی خرید و فروخت پر نئی شرح سے ٹیکس وصولی ہوگی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک)حکومت نے یکم جولائی سے پراپرٹی خریدنے اور فروخت کرنے والے پر ایڈوانس ٹیکس میں کمی کرکے نئی شرح نافذ کرنے کی منظوری دے دی، فنانس بل کی منظوری کے بعد یکم جولائی سے شروع ہوئے نئے مالی سال کے آغاز سے ملک بھر میں پراپرٹی کی خرید و فروخت پر نئی شرح سے ٹیکس وصولی ہوگی۔
حکومت کی جانب سے فنانس بل میں غیر منقولہ جائیداد (پراپرٹی) کے لین دین پر ٹیکس کی نئی شرحیں نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے نئے قانون کے تحت یکم جولائی سے جائیداد فروخت کرنے والے شخص سے مجموعی رقم کا 2.75 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
دوسری جانب جائیداد خریدنے والے شخص پر بھی پراپرٹی کی فیئر مارکیٹ ویلیو کا 1.25 فیصد ایڈوانس ٹیکس لاگو ہوگا، جس سے پراپرٹی سیکٹر میں کاروباری لاگت بڑھنے کا امکان ہے۔
اسی طرح منظور کردہ فنانس بل کے مطابق کارپوریٹ سیکٹر اور بینکس پر ٹیکسوں کے بوجھ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
یکم جولائی سے بینکنگ کمپنیوں اور فرٹیلائزرسیکٹر کی پندرہ کروڑروپے سے زائد کی آمدن پر 10 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد ہوگا جبکہ دیگر تمام کارپوریٹ کمپنیوں کی 50 کروڑ روپے سے زائد آمدن پر 8 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔



