مریم نوازکا صوبہ بھر میں صاف پانی کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان
راولپنڈی،نواز شریف فلائی اوور، جی پی او انڈر پاس کا افتتاح، کچہری روڈ اور مال روڈ کی ری ماڈلنگ بھی کی جائیگی:خطاب
لاہور :(سلمان حسین) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کردیا جبکہ راولپنڈی،نواز شریف فلائی اوور، جی پی او انڈر پاس کا افتتاح کیا۔ راولپنڈی میں 8 ارب 77 کروڑ روپے کے میگا پراجیکٹس کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ نے اڈیالہ روڈ نواز شریف فلائی اوور اور مال روڈ جی پی او چوک کے انڈر پاس کا باقاعدہ آغازکیا۔ صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو ملک صہیب بھرت اور سیکرٹری سہیل اشرف نے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او انڈر پا س سے تقریبا 3 لاکھ گاڑیاں گزریں گی۔ جی ٹی روڈ رنگ روڈ اور چکری انٹر چینج موٹروے سے گزرنے ٹریفک مستفید ہوگی۔ انٹر چینج پر سفر کرنے سے ایک گھنٹے سے زائد وقت اور لاکھوں کے پٹرول وغیرہ کی بچت ہوگی۔
فلائی اوورکے اطراف میں دو کلومیٹر تک سروس روڈ بھی تعمیر کی گئی ہے۔ راولپنڈی مال روڈ پر جی پی او چوک، ٹی ایم چوک سگنل فری کوریڈور سے روزانہ دو لاکھ سے زائد گاڑیاں گزریں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے بننے والے تمام ترقیاتی منصوبے ترجیح ہیں۔ کچہری روڈ اور مال روڈ کی ری ماڈلنگ بھی کی جائے گی۔ انڈرپاس اور فلائی اوور بننے سے راولپنڈی کے عوام کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
عوامی فلاحی پراجیکٹ کا آغاز راولپنڈی کے عوام کے لئے تاریخی اور خوشگوار ثابت ہوگا۔ مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں افتتاحی تقریب سے خطاب میں اہم اعلانات کیے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹس جلد لانے اورپینے کے صاف پانی کے لئے پائپ لائنیں بچھانے کے پراجیکٹ تیارکرنے کا اعلان کیا۔
مری میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ جلد از جلد حل کرنے اور راولپنڈی کے نالہ لئی کی تعمیر و توسیع کے پراجیکٹ کی تیاری کابھی اعلان کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کو ریکارڈ ٹائم مکمل کریں گے۔پنڈی کے تمام سکولوں کی ری ویمپنگ کی جارہی ہے، جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر کی بیوٹی فکیشن کے پراجیکٹس کی خود مانیٹرنگ کررہی ہوں۔ چند ہفتوں میں پنجاب بھر میں 19 ہزار کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کے پراجیکٹ مکمل ہوجائیں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب بھر میں موسلادھار بارشیں کے پیش نظر تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واسا، پی ڈی ایم اے،لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس کو فیلڈ میں رہنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انتظامیہ اور واسا کے افسروں کو فیلڈ میں خود نگرانی کرنے کا حکم دیا اور کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بارش کا پانی کھڑا رہنے سے عوام کو ہونے والی دشواری کا بروقت ازالہ کیا جائے۔ دریں اثنا مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کو سلام پیش کرتی ہوں۔ عبدالستار ایدھی کی زندگی سکھاتی ہے اگر جذبہ صادق ہو توایک فرد بھی انسانی خدمت کر سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عبدالستار ایدھی کو 8 ویں برسی پرخراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کا فخر ہیں،ان کا نام تا قیامت زندہ رہے گا۔



