لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمان سہگل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں عشائیہ دیا گیا، جس میں ملک کی موجودہ معاشی صورتحال، کاروباری چیلنجز اور حکومتی پالیسیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تقریب میں سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، سابق صدر محمد علی میاں اور ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ تیل کی بڑھتی قیمتوں، مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مختلف پابندیوں کے باعث ریٹیل اور کاروباری شعبہ شدید دباؤ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعدد کاروبار بند ہو رہے ہیں، مارکیٹیں ویران ہو چکی ہیں جبکہ گوداموں سے سامان کی ترسیل میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رات گئے ٹرکوں کی نقل و حرکت پر پابندیوں اور چھاپوں کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
صدر لاہور چیمبر نے مطالبہ کیا کہ ریٹیلرز پر عائد لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمی اور ٹیکس وصولی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، لیکن موجودہ صورتحال میں ٹیکس نیٹ میں شامل افراد پر مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے جس سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔
فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ عوام شدید بے چینی کا شکار ہیں جبکہ بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاک ڈاؤن یا دیگر پالیسی اقدامات سے حاصل ہونے والی بچت یا کنزرویشن سے متعلق واضح اعداد و شمار سامنے لائے جائیں۔
انہوں نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ، پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری اور پالیسی سازی میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پالیسی سازی میں بیوروکریسی کا کردار زیادہ جبکہ کاروباری طبقے کی مشاورت کم دکھائی دیتی ہے، جس کے باعث معاشی صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حکومت تمام معاشی مسائل سے آگاہ ہے اور پالیسی سازی میں اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ لاہور چیمبر کی تجاویز اور تحفظات متعلقہ فورمز پر اٹھائے جائیں گے اور کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔



