رحیم یارخان:خسرے کی وبا پھوٹ پڑی،9بچے جاں بحق،درجنوں شدید متاثر
کسی سرکاری ہسپتال میں خسرے کا کیس رپورٹ نہیں ہوا:سی ای او،علاقے میں خوف و ہراس،میڈیا کی نشاندہی پر گھر گھر سروے

رحیم یارخان:( ویب ڈیسک )نواحی بستی میں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی جس کے نتیجے میں 9بچے جاں بحق جبکہ 57بچےبیماری سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔تفصیل کے مطابق نواحی علاقے کے موضع مراد پور سانگھی کی بستی حکیم محمدعبداﷲ اعوان میں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی جس کے باعث دو حقیقی بھائیوں سمیت 9بچے جاں بحق ہو گئے۔
رابطہ کرنے پر علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی روز سے علاقہ میں خسرے کی وبا پھیلی ہوئی ہے،دوحقیقی بھائیوں 3سالہ ندیم زاہد اور 5ماہ کا فہیم زاہد، 2سالہ میمونہ،2سالہ عشرت فاطمہ،2سالہ حسینہ،3 سالہ سکینہ،6سالہ آمنہ اور 6سالہ فضا افضل جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 57بچے خسرے کی وبا سے بری طرح متاثر ہیں۔
میڈیا کے ذریعے نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے لیے جانیوالے نوٹس اوررپورٹ طلب کرنے پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر بابر نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں کسی بھی علاقے میں خسرے کی وبا کی تصدیق سے صاف انکار کیا اوربتایا کہ کسی بھی سرکاری ہسپتال میں خسرے سے متاثرہ کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
رابطہ کرنے پر بستی کے مکینوں نے خسرے کی پھوٹنے والی وبا اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے محکمہ صحت کی مبینہ غفلت کو ذمہ دار قراردیا۔میڈیا کے ذریعے خسرے کی وبا کی نشاندہی پر محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقہ میں پہنچ گئیں اورگھر گھر سروے کا عمل شروع کردیاگیا جبکہ خسرے کی وبا کے پھوٹنے اور بڑے پیمانے پر بچوں کی ہلاکتوں پر خوف وہراس پایاجارہا ہے۔



