پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم کا گوگل ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ، اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت گوگل ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا، جس میں پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کے فروغ کے لیے اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل مہارتوں، آئی ٹی برآمدات اور جدت کے فروغ کے لیے تعاون کو وسعت دینا ہے۔ معاہدے کے تحت ڈیجیٹل اسکلز کے فروغ کے لیے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس پروگرام کو مزید وسعت دینے پر تعاون کیا جائے گا۔

گوگل نے پاکستان میں 2026 کے دوران گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے 1 لاکھ 50 ہزار سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

پاکستانی طلبہ کو جدید اے آئی ٹولز تک مفت رسائی

مفاہمتی یادداشت کے تحت پاکستانی طلبہ کے لیے گوگل کے جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز تک رسائی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ پاکستانی طلبہ کو ایک سال تک گوگل اے آئی پلس اور جیمنی سمیت جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز تک مفت رسائی فراہم کی جائے گی۔

اسلام آباد میں اے آئی سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے لیے بھی پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔ اس مرکز کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں اور انسانی وسائل کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔

آئی ٹی اور گیمنگ انڈسٹری کے فروغ پر تعاون

پاکستان اور گوگل کے درمیان موبائل ایپلی کیشنز اور گیمنگ انڈسٹری کی عالمی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کے لیے بھی تعاون کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل تجارت کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

مفاہمت کے تحت پاکستان میں سرکاری خدمات کی فراہمی اور حکومتی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر بھی تعاون ہوگا۔

ایف بی آر اور زراعت میں اے آئی کا استعمال

ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے منصوبے میں ڈیٹا اینالیٹکس کے لیے مصنوعی ذہانت سے استفادہ کیا جائے گا، جبکہ زراعت کے شعبے میں فصلوں کی نگرانی، پیداوار کی پیش گوئی اور پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے بھی اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کرنے پر تعاون کیا جائے گا۔

پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

آئی ٹی برآمدات کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور مسابقتی صلاحیت کے روڈ میپ کی تیاری کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں حکومت، گوگل اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔

ٹاسک فورس آئی ٹی برآمدات میں حائل رکاوٹوں اور ترقی کے امکانات کی نشاندہی کرے گی اور شعبے کی عالمی سطح پر مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔

پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کے ذریعے نوجوانوں کی ڈیجیٹل مہارتوں، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مواقع بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

حکومت کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت کو 2030 تک 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے وزیراعظم کے وژن کی جانب اہم قدم ہے۔

حکومتِ پاکستان اور گوگل کے درمیان طے پانے والا تعاون ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت اور جدت کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button