پاکستانتازہ ترین

پاکستان، ملائیشیا میں سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بالخصوص سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کی ملائیشیا کی جانب سے حمایت کو سراہا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اپنے ملک کی گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

بعدازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ معاہدے پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے دستخط کیے۔

ملاقات کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button