لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو اپنے حق کے لیے رلنا پڑے تو سمجھ لینا چاہیے کہ حکومت ناکام ہے، حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچائیں اور انہیں بنیادی حقوق کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور مریم نواز ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مال، دولت، عزت اور اختیار مل جاتا ہے، لیکن خدمت کی توفیق کسی کسی کو نصیب ہوتی ہے۔ وزرا، بیوروکریسی، افسران اور ڈاکٹرز کو جو امانت ملی ہے، اسے بہترین انداز میں ادا کرنا چاہیے، اس کے بدلے بہترین اجر ملے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ روزانہ میٹنگز اور معمول کے سرکاری امور جاری رہتے ہیں، لیکن جس دن عوامی خدمت کے لیے کوئی فیصلہ یا اقدام نہ ہو تو انہیں محسوس ہوتا ہے کہ دن ضائع ہوگیا۔ جب ہم اچھا کام کرتے ہیں تو دل گواہی دیتا ہے اور یہی کسی بھی کام کو جانچنے کا بہترین طریقہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو اپنا خواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کی تکمیل کا بے چینی سے انتظار کررہی تھیں۔ لاہور میں نواز شریف کے قائم کردہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پنجاب کے علاوہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا سے بھی مریض علاج کے لیے آتے ہیں، اس لیے دل کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایک ہسپتال کے ذریعے سب کا علاج مشکل تھا۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نہ صرف فعال ہوچکا ہے بلکہ یہاں انجیوگرافی بھی کی جاچکی ہے۔ بیمار کی عیادت بہت بڑا درجہ ہے جبکہ مریضوں کی خدمت اور علاج کا مقام اس سے بھی بڑھ کر ہے۔
ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی سہولت 100 فیصد مفت ہوگی
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی سہولت مکمل طور پر مفت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ پر تقریباً 50 ہزار ڈالر خرچ آتا ہے، تاہم چینی ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس لاگت کو تقریباً 10 ہزار ڈالر تک لانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مریض اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔
وزیراعلیٰ نے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے اخراجات حکومت پنجاب کی جانب سے برداشت کرنے کے لیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے انگلینڈ سے پاکستان واپس آکر خدمات انجام دینے والے عالمی شہرت یافتہ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر حسنات خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر حسنات نے بیرون ملک کا کیریئر چھوڑ کر خدمت کے جذبے کے تحت پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔
جناح انسٹیٹیوٹ میں جدید طبی سہولتیں
وزیراعلیٰ کے مطابق 16 ارب روپے کی لاگت سے 250 بستروں پر مشتمل جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید طبی آلات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ ہسپتال میں چھ کیتھ لیبز، پانچ آپریشن تھیٹرز، ہارٹ اینڈ لنگز مشین، ٹیسلا ایم آر آئی، 640 سلائس سی ٹی اسکین، جدید الیکٹروفزیالوجی ڈیپارٹمنٹ، پیتھالوجی لیب، ریڈیالوجی، آئی سی یو اور ایمرجنسی سمیت مختلف شعبے فعال کیے گئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ہسپتال کی کیتھ لیب میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی بھی منسلک کی گئی ہے جبکہ ہائبرڈ کیتھ لیب بھی قائم کی گئی ہے جو ضرورت پڑنے پر فوری طور پر آپریشن تھیٹر میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دل کا آپریشن انتہائی نازک نوعیت کا ہوتا ہے، اس لیے جناح انسٹیٹیوٹ میں زیرو انفیکشن ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے۔
ہوم ڈائیلاسز مشینیں متعارف کرانے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب میں ہوم ڈائیلاسز مشین متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو علاج معالجے کی سہولتیں ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال سرکاری ہسپتالوں میں تقریباً 10 کروڑ افراد نے علاج کرایا، جہاں ادویات، سرجری اور مختلف طبی پروسیجرز مفت فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ بعض مریضوں کو ادویات ان کے گھروں تک بھی پہنچائی جاتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، تاہم ادویات، انجیکشن اور انسولین کی چوری، عملے کی جانب سے پیسے لینے اور مشینری کو مبینہ سازش کے ذریعے خراب کرنے جیسے مسائل پر قابو پانا ہوگا۔
بچوں کے دل کے آپریشن، ہزاروں مریضوں کو علاج فراہم
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈھائی سال قبل 15 ہزار بچے دل کی سرجری کے منتظر تھے، جن میں سے 14 ہزار 600 بچوں کے آپریشن مکمل کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان والدین سے پوچھیں جن کے بچوں کے دل میں سوراخ تھا، ان کے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں تھے، صرف آنسو اور انتظار تھا۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے خاندانوں کو علاج کی سہولت فراہم کرے۔
مریم نواز کے مطابق پنجاب میں اب تک آرگن ٹرانسپلانٹ کے 2 ہزار 460 آپریشن کیے جاچکے ہیں، جبکہ سٹروک پروگرام بھی ضلعی سطح پر کامیابی سے جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 20 اضلاع میں کیتھ لیبز قائم کی جاچکی ہیں جبکہ صوبے میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل پاکستان کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔
ایئر ایمبولینس اور کلینک آن ویل پروگرام
مریم نواز نے کہا کہ دوسرے صوبے بھی پنجاب کی تقلید کرتے ہوئے ایئر ایمبولینس سروس شروع کررہے ہیں۔ گولڈن آور کے دوران مریض کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچانے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے لیے کلینک آن ویل پروگرام کے تحت موبائل کلینکس کے ذریعے طبی معائنہ، ٹیسٹ، ایکسرے اور علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ماں اور نومولود بچے کے معائنے کے لیے ہسپتال جانے کی ضرورت بھی کم ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 10 لاکھ افراد کو کینسر، دل اور ٹی بی سمیت مختلف بیماریوں کی ادویات کا دو ماہ کا ذخیرہ مفت فراہم کیا جارہا ہے۔
مسلم لیگ ن کا مزاج خدمت اور ترقی ہے: مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا فوکس عوامی خدمت، ڈیلیوری اور کارکردگی پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا مزاج خدمت اور ترقی ہے اور پاکستان کے مختلف منصوبوں پر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی کاوشوں کی جھلک نظر آتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو غیر ضروری انتظار نہ کرنا پڑے، ادویات کی چوری نہ ہو اور انفیکشن سے پاک ماحول کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے آئی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو شاہ میر کو ہدایت کی کہ میڈیکل ڈسٹرکٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔
عید میلادالنبی ﷺ کے انتظامات کی ہدایت
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں عید میلادالنبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور تزک و احتشام سے منانے کے لیے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع میں عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے خصوصی تزئین و آرائش یقینی بنانے اور بازاروں سمیت دیگر مقامات کو یکساں تھیم کے تحت سجانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے مساجد، گلیوں، بازاروں اور محافل میلاد کے مقامات پر خصوصی صفائی کا انتظام کرنے، تقریبات سے قبل اور بعد میں صفائی یقینی بنانے اور محافل کے مقامات پر عرقِ گلاب کے چھڑکاؤ کی بھی ہدایت کی۔
دہشتگردی کے متاثرین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے: مریم نواز
وزیراعلیٰ نے دہشتگردی کا شکار غازیوں اور شہیدوں کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہ چھوڑنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دہشتگردی میں شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں، افسران اور سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دہشتگردی کا شکار افراد کی یاد میں عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ افواج پاکستان، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار دہشتگردی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب، وطن یا زبان نہیں ہوتی۔ معاشرے میں امن، محبت اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا اور نفرت کے بیانیے کو شکست دے کر امن کی شمع روشن رکھنا ہوگی۔
مستونگ دھماکے کی مذمت
مریم نواز نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔



