75 روز میں 1129 روڈز کی تعمیر و مرمت، 11 ارب بچت، مریم نواز کی شاباش
وزیراعلیٰ کا حوالدار لالک جان شہید کو خراج عقیدت، بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملہ کی مذمت، میاں شاہد حسین اور عون جہانگیر کی ملاقات
لاہور:(سلمان حسین)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں صرف 75 دن میں 1129 سڑکیں مکمل کرکے پنجاب حکومت نے ترقی کی رفتار کا نیا منفرد ریکارڈ قائم کر دیا۔
پنجاب نے رفتار کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے روڈز کی تعمیر و بحالی کے لئے3 شفٹوں میں دن رات کام کیا اور 11 ارب روپے کی تاریخی بچت بھی کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف 2.5 سال میں مجموعی طور پر 32 ہزارکلومیٹر سڑکیں مکمل کی گئیں۔ رواں سال اپریل سے جولائی تک ریکارڈ 6000 کلومیٹر کی تعمیر و مرمت کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ مواصلات وتعمیرات کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری راجہ جہانگیرانور نے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ”سوہنے پنڈ سوہنیاں راہواں“پروگرام کے تحت دیہی روڈ انفراسٹرکچر میں پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی تمام شاہراہوں پر لین مارکنگ کو ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صرف 75 دنوں میں 30 ارب روپے کی لاگت سے 1129 سڑکیں اور 1795 کلومیٹر طویل نیٹ ورک مکمل کیا گیا۔ اجلاس میں روڈ سیکٹر پورٹ فولیو اور فنڈز کے استعمال کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 75 دنوں میں 1795 کلومیٹر طویل سڑکیں مکمل کرنے پر محکمہ مواصلات وتعمیرات کی کارکردگی کی تعریف کی اور انہیں شاباش دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور رنگ روڈپر 6 نئے جدید سروس ایریاز قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ نئے سروس ایریاز سے سالانہ 500 ملین (50 کروڑ) روپے کی متوقع آمدن ہوگی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رنگ روڈ کی خوبصورتی اور ناردرن لوپ کی بحالی کے پلان کی بھی منظوری دے دی ہے۔ رواں سال دسمبر تک تمام 6 سروس ایریاز مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں گے۔ اجلاس میں پنجاب بھر کی سڑکوں کے انٹری ایگزٹ پوائنٹس کی بیوٹیفیکیشن کا پلان پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ انیشیٹو، لوکل روڈز اور تکمیل کے قریب منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 125 ارب روپے مختص کیے گئے۔
روڈ سیکٹر میں ترقیاتی فنڈز کا 99 فیصد ریکارڈ استعمال یقینی بنایا گیا۔ لوکل روڈز پروگرام میں 79 ارب کی لاگت سے 1567 اسکیمیں اور 3400 کلومیٹر طویل سڑکیں بھی مکمل کی گئی۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں انٹر ولیج روڈزکی دستاویزی ویڈیو پیش کی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیلڈ اسٹاف نے دن رات 3 شفٹوں میں کام کر کے منصوبے مکمل کیے۔ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں میں 11 ارب روپے کی خطیر بچت کی گئی۔ 93.5کلومیٹر طویل ملتان-وہاڑی دو رویہ روڈ اور24 کلومیٹر طویل فیصل آباد-چنیوٹ دورویہ روڈ کا منصوبہ مکمل ہوچکا ہے۔ سیاحت کے فروغ کے لیے 13 کلومیٹر طویل ٹورازم ہائی وے دورویہ روڈ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ روڈ ریسٹوریشن پروگرام فیز ون کی 86 اسکیمیں 77 فیصد تک مکمل جبکہ فیز ٹو کی 41 سکیموں پر 31 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ تمام 124 سڑکیں مکمل طور پر بحال کر دی گئیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نئے مالیاتی پروگرام میں سڑکوں کی تعمیر کی 42 نئی سکیمیں شامل کی گئی ہیں۔
اجلاس میں لوکل روڈز کے لیے 17 ارب اور وزیراعلیٰ انیشیٹو کے لیے17.23 ارب روپے منظور کیے گئے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فیصل آباد تا چنیوٹ فیز ٹو سمیت کل 907 سکیمیں منظور کی گئی ہے۔ پچھلی حکومتوں کی نامکمل اور فنڈز سے محروم سڑکیں 14 ارب روپے سے مکمل کی جائیں گی۔ اجلاس میں پنجاب میں نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 51 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کی طرف سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یادگاری سووینئر پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں تمام زیر تعمیر سڑکوں کی تکمیل کی حتمی ٹائم لائن پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین خان اورمحمد عون جہانگیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی مسائل کے حل، امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی حلقے کے مسائل اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے کاہنہ سانحہ میں بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور بچوں کیلئے خصوصی دعا کی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم کو تیسرا سرپلس بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی اور ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ سکیم شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے الیکٹرک بس منصوبے کو تحصیل لیول پر شروع کرنے کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان صوبائی اسمبلی کو اپنے اضلاع میں عید میلاد النبیؐ کے لئے بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کی اور ارکان صوبائی اسمبلی کا بھرپور اعتماد پرشکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوام کی خدمت کا سبق ہمیشہ قائدمحمد نواز شریف سے ہی سیکھا ہے۔ دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن سے علاج معالجہ کی سہولتیں گھر کی دہلیز پر مل رہی ہیں۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پنجاب بھر میں سوا لاکھ کے لگ بھگ گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
صوبائی ارکان اسمبلی نے کہا کہ عوامی فلاحی ویژن، روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹس قابل تعریف ہیں۔ محرم الحرام میں بہترین سیکورٹی امور، صفائی ستھرائی اور سرکاری سطح پر سبیلوں کا اہتمام نے عوام کے دل جیت لیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے بچوں اور خواتین کیلئے اختراعی اقدامات اورپراجیکٹس قابل تعریف ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خصوصی پیغام میں نشان حیدر پانے والے حوالدار لالک جان شہید کی وطن کیلئے لازوال قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اورکہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا۔حوالدار لالک جان شہید دلیری، استقامت اور بہادری کی اعلیٰ ترین مثال ہیں۔ حوالدار لالک جان شہید قوم کے ہیرو ہیں،ہمیشہ ہمارے دلوں میں ان کی یاد زندہ رہے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وطن عزیز پر جانیں قربان کرنے والے شہدا ہماری شان، ہماری آن ہیں اور پاکستان کے حقیقی محافظ ہیں۔ارض وطن پرجانیں نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کی قربانیوں کا قرض کبھی اتارا نہیں جاسکتا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان، کوئٹہ کے علاقے مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کوئٹہ میں دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی ا ور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ، بقا کی جنگ ہے، عزمِ مصمم میں کوئی لچک نہیں آئے گی۔ جامِ شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کی لازوال قربانی کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔



