لاہور ( بیورو چیف) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سردار سلیم حیدر خان کی پنجاب کے عوام کیلئے خدمات کو سراہا۔ گورنر نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلزپارٹی پورے پنجاب میںکلین سویپ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس کو پیپلز پارٹی کے جیالوں اور کارکنوں کیلئے کھولا نہیں بلکہ پیپلزپارٹی کا گڑھ بنا دیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو عوامی منڈیٹ سے وزیراعظم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوکا پیغام صوبے کے ہر کونے کونے تک پہنچانے میںکوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔
گورنر نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی عوام کے مسائل کو نہ صرف اچھی طرح سمجھتی ہے بلکہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پر عزم بھی ہی۔ جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گورنر پنجاب نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں جیالوں اور ناراض ورکروں کو صوبے بھر میں متحرک اور تازہ دم کر دیا جوکہ پارٹی کے لئے خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے جس نے عوامی خدمت کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ وہ گورنر ہائوس کو عوامی گورنر ہائوس میں تبدیل کرنے پر گورنر سردار سلیم حیدر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔



