پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

موچی گیٹ: دیوار گرنے سے بچی نالے میں گرکر جاں بحق

لاہور ( بیورو چیف) تھانہ اکبری گیٹ کے حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 5سالہ معصوم بچی نالے میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق 5سالہ معصومہ رکشہ کے اوپر بیٹھی تھی کہ اچانک نالے کی دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں بچی رکشہ سمیت نالے میں جا گری اور زندگی کی بازی ہار گئی۔ ایس پی سٹی محمد بلا ل احمد کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ موچی گیٹ پارکنگ پلازہ کی دیوار گرنے کی وجہ سے پیش آیا۔ واضح رہے کہ سٹی ڈویژن میں یہ مختصر عرصے کے دوران دوسرا بڑا سانحہ ہے۔
اس سے قبل بھی ایک ماں اور بیٹی نالے میں گر کر جاں بحق ہو چکی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ( ر) محمد علی اعجاز نے اکبری گیٹ کا دورہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تمام حقائق کا فوری جائزہ لیا۔ دوسری طرف افسوسناک واقعہ پر بچی کی والدہ کا موقف سامنے آگیا۔ جاں بحق ہونے والی بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ کسی نے میری بچی کو نہیں نکالا ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کو نکالا ۔
انہوں نے کہا کہ ٹھیکیدار کی غفلت سے ہماری بچی کی جان گئی ہے، اگر پہلے حفاظتی انتظامات کئے جاتے تو میری بچی کی جان نہ جاتی، مجھے پیسوں کی پیشکش کی گئی ہے، پیسے لینے سے میری بچی واپس نہیں آنی۔ متاثرہ والدہ نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ مجھے یہ بھی کہا گیا کہ زیادہ شور نہ ڈالیں یہ اتفاقی حادثہ ہے، وزیر اعلی پنجاب سے اپیل ہے کہ یہاں پر ترقیاتی کام جلد مکمل کروائیں تاکہ کسی اور کے معصوم بچے کی جان نہ جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button