پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
لاہور:(سلمان حسین)ایشیا کپ سپر 4 راؤنڈ کے تیسرے مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
ابوظہبی کے شیخ زاہد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کا 134 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
80 کے مجموعے پر 6 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد حسین طلعت اور محمد نواز نے ناقابل شکست بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد نواز 38 اور حسین طلعت 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہتے۔
اوپنر بلے باز صاحب زادہ فرحان 24، فخر زمان 17، کپتان سلمان علی آغا 5 اور صائم ایوب 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے، 80 کے مجموعے پر 6 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے باوجود لنکن بیٹرز نے پاکستانی باؤلرز کا جم کر مقابلہ کیا۔
کامیندو مینڈس نے مشکل وقت میں شاندار ففٹی اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے میں اضافے کو ممکن بنایا، انہوں نے 44 گیندوں پر عمدہ 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان چریتھ اسالانکا 20، کوسال پریرا اور وانند ہسارنگا15،15 رنز اور پاتھم نیسانکا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کوسال مینڈس اور داسن شناکا کھاتہ بھی کھول نہ سکے، چمیکا کرونا رتنے 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی آفریدی نے 3، حسین طلعت اور حارث رؤف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسپنر ابرار احمد کےحصے میں ایک وکٹ آئی۔
خیال رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
قومی اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب ، حسین طلعت اور محمد نواز شامل ہیں، فہیم اشرف ، محمد حارث ، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد بھی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔
سری لنکا کی پلیئنگ الیون
پاکستان کے خلاف اہم مقابلے کے لیے سری لنکن اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، مہیش تھکشانا اور چمیکا کرونارتنے کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
لنکن ٹیم کی قیادت چریتھ اسالانکا کر رہے ہیں، پاتھم نیسانکا، کوسال مینڈس، کوسال پریرا، داسن شناکا ٹیم میں شامل ہیں، کامیندو مینڈس، چمیکا کرونارتنے، مہیش تھکشانا، وانندو ہسارنگا، دشمانتھا چمیرا اور نوان توشارا پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
واضح رہےکہ ایشیا کپ سپر 4 راؤنڈ کے دوسرے مقابلے میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔



