پاک، بیلاروس تعاون آگے بڑھانے کے خواہاں: شہباز شریف
برآمدات بڑھا کر ملکی آمدن میں اضافہ ترجیح: بیلاروس پہنچ گئے، پرتپاک استقبال
منسک، اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر بیلاروس پہنچ گئے، منسک ایئرپورٹ پر بیلاروس کے وزیراعظم الیگزینڈر تورچن نے شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔ پاکستانی سفارتخانے کے حکام بھی استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 10سے 11اپریل 2025ء تک بیلاروس کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ دریں اثنا مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی بیلاروس کے دورے پر روانہ ہو گئے، پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ان کے ساتھ ہیں۔ مزید برآں وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم مشترکہ طور پر پاکستان اور بیلاروس کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ منسک پہنچنے پر ہوائی اڈے پر بیلاروس کے وزیراعظم الیگزینڈرٹورچن کی طرف سے پرتپاک استقبال پر دلی تسکین ہوئی جہاں انہیں بیلاروس کی قدیم روایت اور مہمان نوازی کے طور پر کورووائی، نمک کے ساتھ سجی ہوئی روٹی پیش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی سرکاری مصروفیات خاص طور پر اپنے دوست صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ ملاقات کا منتظر ہوں، کیونکہ ہم مشترکہ طور پر پاکستان اور بیلاروس کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ جبکہ بیلا روس روانگی سے قبل وزیراعظم نے برآمدات بڑھا کر ملکی آمدن میں اضافے کو حکومتی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقامی صنعت کو لیول پلینگ فیلڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
برآمدات سہولت سکیم ( ای ایف ایس ) کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ملکی آمدن میں برآمدات سے اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ برآمدی صنعتوں کے خام مال اور مشینری کی درآمد پر سہولت کیلئے اس سکیم کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پر شعبے کے ماہرین سے مزید مشاورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے آئندہ بجٹ کی تیاری میں صنعتوں اور کاروباری تنظیموں سے مشاورت اور ان کی تجاویز کو بجٹ شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ مقامی صنعت کو لیول پلے انگ فیلڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔



