لاہور (سلمان حسین) پی ایس ایل 10کا میلہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوبارہ سج گیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی میچ دیکھنے راولپنڈی سٹیڈیم گئے۔ جبکہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ سے قبل کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین نے مسلح افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
میچ سے قبل کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کا پاکستان کی مسلح افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار، زبردست خراج تحسین پیش
پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ میچ کے آغاز سے قبل شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ قومی ترانے پر پاکستان زندہ باد کے نعرے، سٹیڈیم میں قومی پرچموں کی بہار نے سماں باندھ دیا جبکہ آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ بعد ازاں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 4وکٹ کے نقصان پر 237رنز بنائے۔ کراچی کنگز کیکپتان ڈیوڈ وارنر نے 86اور جیمز ونس نے 72رنز بنائے۔ خوشدل شاہ 43اور محمد نبی 26رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے لیوک ووڈ نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، علی رضا اور عارف یعقوب نے ایک ایک وکٹ لی۔ 238رنز کے ہدف کے جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم 5وکٹوں پر 214رنز بنا سکی۔ پشاور زلمی کی جانب سے بابراعظم 94اور صائم ایوب47رنز بنا کر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز نے فتح کے بعد پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے 9میچوں کے بعد 10پوائنٹ ہیں جبکہ لاہور قلندرز کے 9میچوں کے بعد 9پوائنٹ ہیں اور ملتان سلطانز ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔



