پاکستانتازہ ترین

پنجاب کے مزید 6 اضلاع میں الیکٹرو بس سروس شروع، مریم نواز کا ہر قریہ تک توسیع کا اعلان

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب الیکٹرو بس سروس کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے خانیوال، خوشاب، بھکر، اٹک، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں جدید الیکٹرو بسیں چلانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

مزید 6 اضلاع میں الیکٹرو بس سروس کا آغاز

حکومت پنجاب کے مطابق خوشاب میں 15 جبکہ خانیوال، بھکر، اٹک، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں 9، 9 جدید الیکٹرو بسیں مختلف روٹس پر چلنا شروع ہو گئی ہیں۔ نئی بس سروس سے روزانہ ہزاروں مسافر مستفید ہوں گے اور شہریوں کو جدید سفری سہولت میسر آئے گی۔

خوشاب میں جنرل بس اسٹینڈ سے گروٹ چوک، مٹھا ٹوانہ اور منگوال تک روٹس فعال کر دیے گئے ہیں۔ خانیوال میں خانیوال تا جہانیاں اور کبیر والا روٹس پر الیکٹرو بسیں آپریشنل ہیں، جبکہ بھکر میں جنرل بس اسٹینڈ، دریا خان اور بہل روٹس پر بسیں چل رہی ہیں۔

اٹک میں پی او ایف سنجوال سے حضرو اور حکیم آباد سے اٹک خورد تک الیکٹرو بس سروس شروع کی گئی ہے۔ منڈی بہاؤالدین میں کٹھیالہ شیخان، رسول ویلیج، کالج چوک اور مانوچک روٹس پر جبکہ حافظ آباد میں جناح چوک، گھوڑا چوک اور جلال پور بھٹیاں روٹس پر جدید بسیں آپریشنل ہو چکی ہیں۔

جولائی میں مزید 14 اضلاع کو شامل کرنے کا فیصلہ

حکومت پنجاب کے مطابق جولائی کے اختتام تک چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، مری، گجرات، شیخوپورہ، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صاحب اور نارووال سمیت مزید 14 اضلاع میں بھی الیکٹرو بس سروس شروع کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق اگست 2026ء کے اختتام تک مزید 488 الیکٹرو بسیں پاکستان پہنچ جائیں گی، جبکہ مزید 20 اضلاع کے لیے 212 نئی الیکٹرو بسیں بھی ملک پہنچ چکی ہیں، جنہیں جلد آپریشنل کیا جائے گا۔

مریم نواز کا ہر شہر اور قصبے تک بسیں پہنچانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب الیکٹرو بس سروس صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اسے ہر شہر، قصبے اور قریے تک توسیع دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولتیں میسر آ سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سفر کی سہولت ملے گی بلکہ فضائی آلودگی میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔

امریکہ کے یوم آزادی پر مبارکباد

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے امریکہ کے 250ویں یوم آزادی پر امریکی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی احترام، تعاون اور شراکت داری پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تجارت، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو خراج عقیدت

وزیراعلیٰ نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوت کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی جرات، بہادری اور وطن کے لیے دی گئی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button