لاہور ( سلمان حسین ) ایشیا میں کرکٹ کا تاج کس کے سر سجے گا؟، روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں آج ( اتوار کو) ایک بار پھر ٹکرائیں گے۔ پاکستان ٹیم نے دبئی میں واقع آئی سی سی اکیڈمی میں فائنل سے پہلے خوب پریکٹس کی۔
قومی ٹیم
جیت کیلئے پرعزم ہے، شائقین کرکٹ بھی قومی ٹیم کی فائنل میں جیت کیلئے پرجوش ہیں۔ پاکستانی فاسٹ بولر حارث رئوف سے کرکٹ مداح نے فرمائش کر ڈالی، بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے بعد سٹیڈیم میں فین نے حارث رئوف سے کہا اس بار بھارت کو نہیں چھوڑنا ہار کا بدلہ لینا ہے۔
فائنل سے پہلے دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان تنائو کے سبب اس بار فائنل سے پہلے دونوں کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ روایتی فوٹو شوٹ نہیں ہورہا۔ منتظمین نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہفتے کو ایسا کچھ نہیں ہورہا تاہم اتوار کو فائنل سے قبل اس سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔
البتہ جہاں بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے 2مقابلوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، وہیں فائنل میں بھی ایسی ہی صورتحال دکھائی دے رہی ہے اور اس بارے میں امکان کم ہے کہ ٹرافی کے ساتھ دونوں کپتان تصاویر بنوائیں۔



