ایف آئی اے کا حوالہ ہنڈی کیخلاف کریک ڈائون،7ملزم گرفتار
لاہور زون کی بڑی کارروائیاں ،ملزم عبدالوہاب، محمد اسرار اور عمیر گرفتار،رحیم یارخان میں 4پکڑےگئے، ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون میں 29 جولائی کوکھلی کچہری کا اعلان
لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)ایف آئی اے کا لاہور سمیت دیگر اضلاع میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔

ایف آئی اے لاہور زون نے بڑی کاروائیاں کرتےہوئے لاکھوں روپے مالیت کی ملکی کرنسی برآمد جبکہ 3 ملزمان عبدالوہاب، محمد اسرار خان اور عمیر کو گرفتار کرلیا ۔
ملزمان کو چھاپہ مار کاروائیوں میں برانڈرتھ روڈ لاہور سے گرفتار کیا گیا جوکرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث پائےگئے ہیں،چھاپہ مار کاروائی میں ملزم عبدالوہاب اور محمد اسرار خان سے 40 لاکھ پاکستانی روپے برآمد ہوئے جبکہ ملزم عمیر سے 28 لاکھ 31 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے ۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے حوالہ ہنڈی کی رسیدیں اور دیگر ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں جبکہ تفتیش کا بھی آغاز کردیا گیا ہے ۔
دریں اثنا رحیم یارخان میں ایف آئی اے سب انسپکٹر شعیب ممتاز،مدثرخورشید،مقصوداحمدبھٹی دیگر عملہ نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارکرانسانی اسمگلنگ میں ملوث چارملزمان کوگرفتارکرلیا،دوکاتعلق رحیم یارخان ایک کا خان پورجبکہ ایک کالیاقت پورسے بتایاجاتاہے چاروں ملزمان شہریوں کوبیرون ملک بھجوانے کاجھانسہ دے کرلاکھوں روپے کی رقم بٹورنے کے بعدروپوش ہوگئے تھے۔
ملزمان انوارالحق اورمحمداسامہ ایف آئی اے حکام کواس سے قبل کئی مقدمات میں مطلوب تھے اسی طرح خانپورکے رہائشی اظہراورلیاقت پورکے رہائشی مانورام بھی ایف آئی اے حکام کو فراڈ میں ملوث ہونے پرمطلوب تھے
علاوہ ازیں ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون سرکل آفس میں 29 جولائی بروز منگل کھلی کچہری کا انعقاد کریں گے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون سکندر حیات سرکل آفس واقعہ ائیر ایونیوسٹی جھنگ روڈ میں 29 جولائی بروز منگل کھلی کچہری کا انعقاد کریں گے۔



