بی جے پی الزام: امریکہ نے مایوس کن قرار دیکر مسترد کر دیا
صرف صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کی تربیت کے ذریعے آزاد میڈیا کے حامی
آزاد میڈیا تنظیموں کے ادارتی فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہوتے، دہلی میں سفارتخانے کا بیان
نئی دہلی ( ویب ڈیسک) نئی دہلی میں امریکی سفارتخانہ نے بی جے پی کے اس الزام کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف میڈیا رپورٹس میں ہیرا پھیری کی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی سفارتخانے نے مزید کہا ہے کہ وہ صرف صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کی تربیت کے ذریعے آزاد میڈیا کی حمایت کرتا ہے اور آزاد میڈیا تنظیموں کے ادارتی فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہوتا ہے۔
بی جے پی نے 5دسمبر کو اپنے آفیشل اکائونٹ سے متعدد پوسٹس کے ذریعے الزام لگایا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور حکمران جماعت پر ٹارگٹڈ حملوں اور ہندوستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کے پیچھے امریکی محکمہ خارجہ کا ہاتھ ہے۔ رپورٹ میں فرانسیسی تحقیقاتی میڈیا ادارے میڈیا پارٹ کی رپورٹ کا حوالہ دیا گیا تھا۔
جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ کو امریکی محکمہ خارجہ کے یو ایس ایڈ سے خاطر خواہ فنڈز ملے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بی جے پی نے امریکی محکمہ خارجہ اور ڈیپ سٹیٹ عناصر پر تحقیقاتی صحافیوں اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے ساتھ مل کر بھارت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
امریکہ



