پاکستانتازہ ترینسپورٹس

صوبائی وزیر کھیل سے موئے تھائی فیڈریشن ، سری لنکن قونصلیٹ کے وفد کی ملاقات

موئے تھائی نیشنل چیمپئن شپ لاہور کے اسپورٹس کمپلیکس میں 10 سے 12 اکتوبر تک منعقد ہوگی، ملک فیصل ایوب کھوکھر

لاہور (سلمان حسین )صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر سے یاسین جوئیہ، اعزازی قونصل جنرل ڈیموکریٹک سوشلسٹ ریپبلک آف سری لنکا (پنجاب) کی قیادت میں ایک وفد نے اسپورٹس بورڈ پنجاب کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں موئے تھائی فیڈریشن نیشنل چیمپئن شپ 2025ء کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر یہ طے پایا کہ موئے تھائی نیشنل چیمپئن شپ لاہور کے اسپورٹس کمپلیکس میں 10 سے 12 اکتوبر 2025ء تک منعقد ہوگی۔
یاسین جوئیہ نے اس ایونٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئن شپ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور مارشل آرٹس کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مکمل تعاون اور اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ موئے تھائی نیشنل چیمپئن شپ نہ صرف قومی سطح کا ایونٹ ہے بلکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور بین الاقوامی اسپورٹس تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم بھی ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین کیا کہ حکومت پنجاب اس ایونٹ کے لیے تمام تر انتظامی اور لاجسٹک سہولیات فراہم کرے گی تاکہ اسے عالمی معیار کے مطابق منعقد کیا جا سکے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے یہ بھی کہا کہ موئے تھائی (تھائی گیمز) کو آئندہ منعقد ہونے والے پنک گیمز میں خصوصی طور پر شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنک گیمز پنجاب کا ایک بڑا فلیگ شپ ایونٹ ہے جو خواتین کھلاڑیوں کے لیے وقف ہے۔ ان میں تھائی گیمز کی شمولیت کھیلوں کے مواقع کو مزید متنوع بنانے اور وسیع تر شرکت کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ملاقات میں اسٹیڈیم کی تیاری، کھلاڑیوں کی رہائش اور سیکیورٹی اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے تاکہ انتظامات کو بہترین بنایا جا سکے۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ میڈیا کوریج، عوامی آگاہی مہمات اور کمیونٹی انگیجمنٹ کے ذریعے اس ایونٹ کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنایا جائے گا۔ ملاقات میں شمریز شاہد (اسٹاف آفیسر اعزازی قونصل جنرل)، محمد یوسف رضوی (صدر موئے تھائی فیڈریشن)، میان ریحان (سیکرٹری جنرل موئے تھائی فیڈریشن) اور فیڈریشن کے دیگر سینیئر عہدیداران بھی موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button