انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

لبنان کے تاریخی شہر پر اسرائیلی بمباری، حسن نصر اللہ کے چچا سمیت53 شہید

بعلبک میں قلعے اور گنجان آباد محلے کو نشانہ بنایا گیا، بمباری سےUN امن اہلکار بھی زخمی: غزہ میں20فلسطینی شہید ہوگئے

بیروت،غزہ(ویب ڈیسک )لبنان کے دارالحکومت پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری میں حسن نصر اللہ کے چچا شہید ہوگئے، اسرائیل نے لبنان کے مشرقی شہر بعلبک میں تاریخی قلعے اور ایک گنجان آباد محلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 53افراد شہید جبکہ 160زخمی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں سلطنت عثمانیہ کے دور کی ایک تاریخی عمارت تباہ ہوگئی۔ یہ عمارت ایک ایسے علاقے میں واقع ہے جس کی درجہ بندی ایک ورثے کے طور پر کی گئی۔ لبنان کی وزارت ثقافت کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بعلبک قلعے سے متصل تباہ ہونے والی تاریخی عمارت کو محکمہ ثقافت نے ورثہ کی حیثیت دی تھی جو سلطنت عثمانیہ کے دور میں تعمیر کی گئی تھی۔ اسرائیلی فوج کے لبنان کے تاریخی شہر پر حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 53 ہوگئی جبکہ 160 زخمی ہیں۔ یاد رہے کہ ’’سورج کا شہر‘‘ کہلائے جانے والا لبنان کا تاریخی شہر بعلبک اپنے آثار قدیمہ کے مقامات کے لیے جانا جاتا ہے، جن میں سے اکثر رومی دور سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایک اسرائیلی حملے میں اقوام متحدہ کے امن دستے کے 5 ارکان زخمی ہوگئے۔ امن دستے کے ارکان پر یہ حملہ جمعرات کے روز کیا گیا جب وہ سیدون شہر کے جنوبی علاقے میں داخل ہو رہے تھے۔دوسری جانب حزب اللہ کے اسرائیل کی فوجی تنصیبات اور مراکز کو ڈرون اور میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں حسن نصر اللہ کے چچا بھی شہید ہوئے۔ لبنان کی سرحد پر زمینی لڑائی میں ایک اسرائیلی فوجی بھی مارا گیا ہے، جبکہ حزب اللہ نے تل ابیب کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی بیس پر ڈرون حملہ کیا۔ حزب اللہ کا کہنا تھا کہ حملہ آور ڈرونز کے جھنڈ نے پہلی بار تل ابیب کے جنوب میں اسرائیلی فوج کے بلواڈے کو نشانہ بنایا ہے، جب کہ اسرائیل کے شمالی بندرگاہی شہر حیفہ میں ایک بحری اڈے پر دوبارہ حملہ کیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے راکٹ حملوں میں اپنے ایک فوجی کے مرنے اور 3 زخمی ہونے کی تصدیق کردی، اس طرح ہلاک فوجیوں کی تعداد 62 ہوگئی ادھر غزہ میں ایک سکول سمیت مختلف علاقوں میں بمباری کے نتیجے میں 20فلسطینی شہید ہوگئے ۔ اسرائیل نے سکول میں مقیم پناہ گزینوں پر بارود برسا دیا،12افراد شہید ہوگئے ۔طولکرم اورحنین میں اسرائیلی بمباری سے 2،رفح میں6 فلسطینی شہید ہوگئے۔ علاوہ ازیں اسرائیل نے امریکی کمپنی سے 25 ایف15 طیاروں کی خریداری کیلئے 5 ارب ڈالر سے زائد کا معاہدہ کیا ہے جن کی فراہمی 2031 میں شروع ہوگی۔ معاہدے کے مطابق اسرائیل کو ہر سال 4 سے 6 طیارے فراہم کئے جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button