پاک امریکہ تعلقات مزید مضبوط کرینگے، ٹرمپ سے ملکر کام کرنیکا منتظر: شہباز شریف
امید ہے نئی امریکی انتظامیہ امن کو ترجیح دیگی اور عالمی تنازعات ختم کرنے میں کردار ادا کریگی، وزیر اعظم کا ٹوئٹ
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدا رتی انتخاب میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کر دی۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی انتخابات میں دوسری بار تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کریں گے، ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ دریں اثنا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ڈونلڈٹرمپ کو صدارتی انتخاب میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے امریکہ کی نئی انتظامیہ امن کو ترجیح دے گی اور امید کرتے ہیں نئی ٹرمپ انتظامیہ عالمی تنازعات ختم کرنے میں کردار ادا کرے گی۔دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف کی اسلام آباد میں چینی سفارتخانے میں آمد ہوئی، جہاں انہوں نے سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی اور گزشتہ روز کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے سفیر سے کہا کہ میں چینی شہریوں پر اس حملے کی مذمت کرنے اور زخمیوں کی بیمار پرسی کیلئے آپ سے ملنے آیا ہوں ۔ انہوں نے چینی سفیر کو ذمہ داران کو جلد گرفت میں لے کر انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔ شہباز شریف نے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو گرفت میں لینے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے عمل کی بذات خود نگرانی کر رہا ہوں، زخمی چینی شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دے چکے ہیں، قابل اطمینان بات یہ ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے چینی شہریوں کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، چینی شہریوں پر حملہ پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے، پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سفیر نے وزیراعظم کی سفارت خانے آمد پر شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم واقعہ کے ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔



