ٹرمپ کی وائٹ ہائوس میں واپسی، دوسری بار امریکی صدر منتخب : کوئی نئی جنگ نہیں، جاری جنگوں کو بھی ختم کرونگا، فتح کے بعد پہلا خطاب
وینس نائب صدر بن گئے ،ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز 204نشستوں پر کامیاب، سینیٹ میں سادہ اکثریت حاصل، فلسطینی نژاد راشدہ طلیب سمیت 3 مسلمان امیدوار بھی الیکشن میں فاتح
واشنگٹن(ویب ڈیسک ) صدارتی انتخابات کی دوڑ میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار کامیاب ہو کر امریکہ کے 47ویں صدر منتخب ہوگئے، ڈونلڈ ٹرمپ 294الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے وائٹ ہائوس پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ کملاہیرس 223الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکیں، کسی بھی امیدوار کو جیت کیلئے 538میں سے 270الیکٹورل ووٹ درکار تھے۔ انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 6کروڑ 92لاکھ 42ہزار 911ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار کملا ہیرس نے 6کروڑ 40لاکھ 52ہزار 768ووٹ حاصل کئے۔ 50میں سے 28ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوئے جبکہ 19میں کملا ہیرس کو کامیابی ملی ہے۔ ایوان نمائندگان میں ری پبلکن 204اور ڈیموکریٹس 182نشستوں پر کامیاب ہو چکے ہیں۔
سینیٹ میں ری پبلکن نے 52نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کر لی ہے جبکہ ڈیموکریٹس نے ایوان بالا کی 43نشستیں جیت لی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ریاست انڈیانا، فلوریڈا، اوہائیو ، کینٹکی، ریاست اوکلوہاما ، الباما ، جنوبی کیرولینا، ریاست مسی سپی ، آرکنساس میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے، ویسٹ ورجینیا میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوئے۔ ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے نیومیکسکیو میں 5، اوری گن 8، کولوراڈو میں 10، مین 1، ہوائی 4، واشنگٹن میں 12، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں 3اور کیلیفورنیامیں 54الیکٹورل ووٹ لے کر میدان مار لیا ، کملا نے سب سے زیادہ ووٹ لے کر کیلیفورنیا میں کامیابی حاصل کی۔ ریاست ہوائی میں دسویں مرتبہ ڈیموکریٹ پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے ، اسی طرح ایلی نوائے، نیوجرسی ، میری لینڈ اور ورمونٹ میں کملا ہیرس کامیاب ہوگئیں، ورمونٹ میں کملاہیرس نے 3ہزار 77ووٹ حاصل کئے، ٹرمپ کو ورمونٹ میں2561ووٹ ملے۔ ایری زونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولینا، پینسلوینیا اور وسکونسن وہ سات ریاستیں ہیں جن کو سوئنگ سٹیٹس کہا جاتا ہے اور انہی کے پاس وائٹ ہائوس کی کنجیاں ہیں۔ ساتوں ریاستوں میں مجموعی طور پر 93الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ سوئنگ ریاستوں میں جارجیا میں 16، کیرولینا 16، پنسلوینیا 19الیکٹورل ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔
جبکہ ایری زونا میں11، وسکونسن اور نیواڈا میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے،مشی گن میں بھی ٹرمپ فاتح رہے ۔ کملا ہیرس نے مشی گن میں 15ووٹ لیے۔ سینیٹ میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو کاملا ہیرس کی پارٹی پر برتری حاصل ہے، امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز نے 100میں سے 52نشستیں لے کر سادہ اکثریت حاصل کر لیں جبکہ ڈیموکریٹس نے 43نشستیں حاصل کیں۔ ٹرمپ کے کیمپ میں جشن کا سماں ہے ، ٹرمپ کے حامیوں نے وائٹ ہائوس کے باہر جمع ہوکر خوب ہلہ گلہ کیا ، ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے وائٹ ہائوس کے سامنے نعرے لگائے۔ امریکی انتخابات میں فلسطینی نژاد راشدہ طلیب دوبارہ کانگریس کی رکن منتخب ہوگئیں، ڈیموکریٹ امیدوار راشدہ طلیب مشی گن کی نشست پر کامیاب ہوئیں۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے مسلم امیدوار آندرے کارسن ریاست انڈیانا سے نویں بار امریکی کانگریس کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ صومالی نژاد الہان عمر بھی ایک بار پھر کانگریس کی رکن منتخب ہوگئی ہیں۔ نئے صدر کی تقریب حلف برداری 20جنوری کو واشنگٹن میں منعقد ہو گی۔ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام نے میرا بھرپور ساتھ دیا ۔ ایسی سیاسی جیت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہرروز آپ کے حقوق کے لیے لڑوں گا، امریکہ کے زخموں پر مرہم رکھیں گے، ملک کو مضبوط بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں سنہری دو ر کا آغاز ہونے والا ہے، چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں گے، امریکہ کے تما م معاملات اب ٹھیک ہونے والے ہیں۔
ٹرمپ نے 2024ء کے صدارتی الیکشن جیتنے کے بعد قوم سے پہلے خطاب میں کہا کہ ہم ایک تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں ، یہ بہت بڑی سیاسی جیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی عظیم ترین سیاسی تحریک تھی، امریکہ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہم بہتر کریں گے، ٹرمپ نے کہا کہ میں کوئی نئی جنگ شروع نہیں کرونگا بلکہ جنگوں کو ختم کرونگا۔ ٹرمپ نے سوئنگ ریاستوں کو جیت کی مبارکباد دیتی ہوئے کہا کہ مجھے 315الیکٹورل ووٹ جیتنے کی امید تھی، بڑے مشکل حالات میں انتخاب جیتا، یہ ناقابل یقین تھا، میری فیملی اور خاص طور پر اہلیہ نے اس مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ ٹرمپ نے نائب صدر وینس کو بھی جیت کی مبارکباد دی۔
دریں اثنا ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کال کی اور صدارتی الیکشن میں جیت پر انہیں مبارک باد دی ہے۔ امریکی خبر ایجنسی کے مطابق نائب صدر کملا ہیرس نے نومنتخب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اختیارات کی پرامن منتقلی پر بھی بات کی۔



