پتو کی: ڈرائیور کو نیند آگئی، کیری ڈبہ روہی نالے میں جا گرا، 8 افراد ہلاک
کیری ڈبہ میں سوار افراد شادی سے واپس آ رہے تھے، دو زخمی، ملتان میں پتھروں سے بھرا ٹرالر گھر پر الٹ گیا ، باپ بیٹا بیٹی جاں بحق
لاہور ( نمائندگان/بیوروچیف ) پتو کی میں ڈرائیور کو نیند آنے سے کیری ڈبہ برساتی نالہ میں جا گرا ۔ حادثے میں 8افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ قصور کے علاقہ کھارا کے قریب رائونڈ روڈ پر کیری ڈبہ میں سوار افراد شادی کی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔ ڈرائیور کو نیند آنے سے گاڑی بے قابو ہو کر برساتی نالے میں گر گئی۔ خلیل مسیح، سلیم مسیح، عمران مسیح، مقصود، سوہنی، کورنیلئس، سنی، طلحہ یاسین حادثے میں جان کھو بیٹھے۔ ڈرائیور شکور اور ساجد زخمی ہوگئے۔ گاڑی میں دس افراد سوار تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کیری ڈبہ روہی نالہ پر جنگلہ نہ ہونے کے باعث گرا جس سے اموات ہوئیں۔ پولیس نے محمد ارشد سب انسپکٹر کی مدعیت میں زخمی ڈرائیور کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔
کالا خطائی، دریا خان، فتح جنگ ، کنڈیارو، شور کوٹ، پشین میں گاڑیاں ٹکرانے سے 6 جانیں ضائع ، خانپور میں مال گاڑی ڈی ریل
دریا خان میں دا جل روڈ پر کھڑی گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی کے عقب سے تیز رفتار موٹر سائیکل سوار رانا ندیم ٹکرا کر جاں بحق ہو گیا۔ شاہدرہ کالاخطائی روڈ پر شریف پورہ کے قریب بس اور ایوری ڈبہ کے درمیان خوفناک تصادم میں لڑکی جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 8افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ ملتان میں پتھروں سے بھرا ٹر الر گھر پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں باپ، بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ٹرالر الٹنے سے گھر میں سویا باپ بچوں سمیت پتھروں تلے دب کر دم توڑ گیا۔ لاشیں ملبے سے نکال لی گئیں، فتح جنگ سی پیک پر کار اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 55سالہ خاتون موقع پر جاں بحق جبکہ ڈرائیور اور 3خواتین زخمی ہوگئیں۔ نوشہرو فیروز میں کنڈیارو تھانہ کی حدود میں قومی شاہراہ پر گورنمنٹ ڈگری کالج کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کجھور کا تاجر عبد الغنی سولنگی جاں بحق ہو گیا، نوجوان کوڑل سولنگی کا رہائشی تھا۔ پشین کے علاقے ڈب کراس کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 13سالہ نامعلوم بچہ جاں بحق ہوگیا۔ خانپور میں سٹی پھاٹک کے قریب سمہ سٹہ سے آنے والی مال بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ ٹرین کی ایک بوگی ٹریک سے اتری، ڈائون ٹریک پر آنے والی تمام ٹرینوں کو مختلف مقامات پر روک دیا گیا، حادثہ لائن کانٹا چینج نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ ٹریک کلئیر کر دیا گیا۔ شور کوٹ میں شادی پر جانے والی کار کو حادثے میں ڈرائیور دم توڑ گیا۔کامونکی میں مزدے نے دو موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کاشف اور شہباز کی جان لے لی۔ حادثہ جی ٹی روڈ پر پیش آیا ۔



