انٹر نیشنلتازہ ترینجرم-وسزا

اسرائیل کی ایرانی ٹی وی چینلز ، ہسپتالوں پر بمباری،متعدد شہادتوں کی اطلاعات

تل ابیب،تہران:(ویب ڈیسک)اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران سے انخلا کی وارننگ کے بعد ٹی وی چینلز اور ہسپتالوں پر بمباری شروع کر دی ہے متعدد شہادتوں کی اطلاعات ہیں۔ مشرقی اور مغربی تہران میں سویلین آبادی پر حملے کیے جارہے ہیں، صہیونی فورسز کی کارروائیوں میں تہران کی سواہ ہائی وے، کرمان شاہ میں ہسپتال اور الام میں فائر اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، مشرقی اور مغربی تہران میں کئی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فورسز نے ایران کے ایک تہائی میزائل لانچرز تباہ کرنے اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو تہران کی ایئراسپیس پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کیا ہے، جب کہ صہیونی وزیر دفاع اسرائیل کارٹز نے دھمکی دی ہے کہ تہران کے شہری میزائل حملوں کی قیمت چکائیں گے۔

تاہم ایران نے اسرائیل کی جانب سے میزائل کے ذخیروں کو نقصان پہنچنے کو ’مذاق‘ قرار دیا ہے، اور تل ابیب کے شہریوں کو فوجی اور دفاعی تنصیبات کے قریبی علاقے خالی کرنے کی وارننگ دی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران پر تازہ حملے میں اسرائیلی فضائیہ نے سرکاری ٹی وی چینل کی عمارت کو نشانہ بنایا، حملے کے وقت نشریات جاری تھیں، اسٹوڈیو کی چھت کا ملبہ عملے پر آگرا، اس کے علاوہ تہران میں ہسپتالوں پر بھی بمباری کی اطلاعات ہیں، مشرقی اور مغربی تہران میں حملے کے بعد کئی افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پیر کو ملک کے مغربی حصے میں واقع ایک ہسپتال کو اسرائیلی حملے کے نتیجے میں شدید نقصان پہنچا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’مجرم صہیونی حکومت کی جانب سے کرمان شاہ شہر میں ایک قریبی ورکشاپ پر حملے کے بعد فارابی ہسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

تہران ٹائمز کے مطابق تہران کے قریب قم ہائی وے کو اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی نے ہسپتال کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں ٹوٹے ہوئے شیشے، منہدم چھتیں اور مریضوں کے کمروں میں وسیع پیمانے پر تباہی دیکھی جا سکتی ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق صہیونی حکومت نے مغربی صوبہ ایلام کے شہر موسیان میں میونسپلٹی کی فائر بریگیڈ کی عمارت پر سفاکانہ حملہ کیا ہے۔

ایجنسی نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں حملے کے مقام سے دھواں اٹھتا ہوا دکھایا گیا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج نے مغربی ایران میں ایم کیو 9 ڈرون سمیت اسرائیل کے 8 جدید ڈرون تبادہ کردیے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے پیر کو دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل لانچرز میں سے ایک تہائی کو تباہ کر دیا ہے۔

فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈفرین نے ایک نشریاتی بیان میں کہا کہ ’50 سے زائد لڑاکا طیاروں اور ہوائی جہازوں نے کارروائیاں کیں اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے 120 سے زائد میزائل لانچرز کو تباہ کیا، یہ میزائل اسرائیلی فضائی کارروائیوں کو روکنے کے لیے استعمال ہونے تھے، تباہ کیے گئے لانچرز ایرانی حکومت کے پاس موجود لانچرز کی مجموعی تعداد کا تقریباً ایک تہائی ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button