پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

9 اور 10 محرم سکیورٹی پلان تیار، لاہور میں 8 ہزار سے زائد اہلکار تعینات: فیصل کامران

9 اور 10 محرم سکیورٹی پلان تیار، لاہور میں 8 ہزار سے زائد اہلکار تعینات: فیصل کامران

لاہور (بیورو چیف / سید ظہیر نقوی)9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے لاہور پولیس نے جامع سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شادمان، اندرون شہر اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس افسران سے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی اور تمام افسران و اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔

فیصل کامران نے جلوسوں اور مجالس کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 9 محرم الحرام کے روز لاہور شہر میں 386 مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 79 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شہر بھر میں 5 بڑے جلوسوں سمیت تمام محرم پروگراموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ 9 محرم کے موقع پر 8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ معاونت کے لیے پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سے عاشورہ محرم کو پرامن بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

فیصل کامران نے بتایا کہ جلوسوں کے روٹس پر آنے والی تمام گلیوں کو خاردار تاروں اور بیرئرز کے ذریعے مکمل طور پر سیل کیا گیا ہے، جبکہ جلوس کے راستوں میں موجود بلند عمارتوں پر سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیکنگ پوائنٹس پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ کمیونٹی رضاکار بھی تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ عزادار خواتین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار اور خواتین رضاکار خدمات انجام دیں گی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس محرم الحرام کے دوران شہریوں کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button