انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

آبنائے ہرمز کا مستقبل: ایران، امریکہ فوجی رابطہ چینل کے قیام پر متفق

تہران کا عمان ، متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی رابطہ ہوا ہے، امریکی نائب صدر

واشنگٹن، تہران (ویب ڈیسک)ایران نے آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظامات اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کی انتظامی امور، بحری خدمات اور مستقبل کے تعاون سے متعلق بات چیت جاری ہے، جبکہ امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ فوجی تصادم سے بچنے کے لیے براہ راست رابطہ چینل قائم کرنے پر اتفاق کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے عمانی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں آبنائے ہرمز کے مستقبل، بحری سروسز اور خطے میں تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ عمانی وزیر خارجہ کے ساتھ گفتگو تعمیری اور مفید رہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے حوالے سے آئندہ انتظامات کو خطے کے ہمسایہ ممالک سے مشاورت کے ذریعے آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اس اہم آبی گزرگاہ کے مستقبل سے متعلق فیصلے اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر کرنا چاہتا ہے تاکہ علاقائی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

ایران اور امریکہ کے درمیان فوجی رابطہ چینل

دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکہ نے ممکنہ فوجی تنازع سے بچنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے براہ راست رابطہ چینل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

جے ڈی وینس کے مطابق اس رابطہ نظام کے تحت ایرانی پاسداران انقلاب اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے فوجی نمائندے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ایرانی حکام نے اس تجویز پر آمادگی ظاہر کی ہے اور پاسداران انقلاب کے نمائندے کو دوحہ بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے تاکہ امریکی فوجی حکام کے ساتھ براہ راست رابطہ برقرار رکھا جا سکے۔

امریکی نائب صدر کے مطابق متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کے ساتھ ایسے سفارتی رابطے شروع کیے ہیں جو اس سے پہلے موجود نہیں تھے۔ ان رابطوں میں اقتصادی تعاون اور اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی بات چیت جاری ہے۔

سعودی عرب کا سفارتی پیش رفت کا خیر مقدم

ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں حالیہ پیش رفت، معاہدوں کے نفاذ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ خطے کے ممالک اور عوام کے مشترکہ مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

سعودی عرب نے امریکہ اور ایران کے درمیان فوجی کارروائیاں روکنے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button