لاہور ( سلمان حسین) پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریفرل سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سرکاری ہسپتالوں میں ریفرل سسٹم کے نفاذ کیلئے جامع پلان طلب کر لیا ہے۔ مراکز صحت، ہیلتھ کلینک اور چھوٹے ہسپتالوں سے سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں مریضوں کا بے جا لوڈ کم کرنے کے لئے فول پروف ریفرل سسٹم نافذ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیلتھ ریفارمز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکساس، جدہ، دوحہ کی طرز پر لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل سٹی قائم کیا جائے گا۔ عالمی معیار کے میڈیکل سٹی کے قیام کے لئے پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ میڈکل سٹی لاہور میں بہترین پرائیویٹ ہسپتال قائم کرنے کے لئے بنیادی سہولتیں حکومت پنجاب فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے میڈیکل سٹی لاہور کے لئے مناسب مقام پر اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں میڈیکل سٹی اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں میڈیکل سٹی قائم کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ لیول پر سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل فیسلٹی قائم کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔
سرکاری ہسپتالوں سے متعلق امور کے لئے خصوصی ہیلپ لائن 999بھی قائم کی جائے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ہیلتھ ریفارمزکے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کے سلسلے میں 92فیصد بہتری آئی ہے جبکہ ادویات کی فراہمی کے عمل میں 92فیصد بہتری کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔
لاہور کے ہسپتالوں میں مریضوں کو دستیاب سہولتوں میں 83 او ر ڈیوٹی روسٹر ڈسپلے احکامات پر 75فیصد عملدرآمد ہورہا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے شکایات کے ازالے کے سسٹم میں 75، ہسپتالوں میں کیو(que)مینجمنٹ سسٹم میں 71اور ہسپتالوں میں صفائی کے امور میں 84فیصد بہتری نوٹ کی گئی ہے۔ ہوم ڈلیوری میڈیسن میں کامیابی کا تناسب 83، پارکنگ اور کیفے ٹیریا سے متعلق امور میں 84، پتھالوجی اور ڈائیگناسٹک، بلڈ بنک کے امور میں 93 فیصد اور فائر سیفٹی کے امور میں 83 فیصد بہتری آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ سروسز فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں ۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ نے آفس سے واپسی پر اچانک سروسز ہسپتال کا دورہ کیا۔ مریم نواز نے سروسز ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کو دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا اور وارڈ میں مریضوں کے علاج کا مشاہدہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں اور تیمار داروں سے ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایمرجنسی میں زیر علاج مریضوں سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ نے ننھے مریض سے ہلکی پھلکی گفتگو کی، خواتین سے مصافحہ کیا اور حال چال بھی دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح اور میو ہسپتال میں ایکشن لینے سے ہسپتالوں کی حالات میں بہت بہتری آئی۔ جناح ہسپتال میں ادویات ڈبوں میں بند پڑی تھیں لیکن مریضوں کو نہیں مل رہی تھیں، فوری ایکشن کی وجہ سے مریضوں کو ریلیف ملا۔ سروسز ہسپتال سے خوش ہوکر جارہی ہوں، کسی نے نہیں کہا کہ ادویات باہر سے لانی پڑی، مریضوں کو انتظار بھی نہیں کرنا پڑتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں اناونسمنٹ ہورہی ہیں حکومت مفت میڈیسن دے رہی ہے، اگر آپ سے کوئی آپ سے پیسے لے تو آپ نے نہیں دینے۔ مریم نواز نے کہا کہ عوام کے لیے ہسپتالوں کو چیک کرنا وزیراعلیٰ کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ کا م نہیں کرے گا تو نیچے والی لوگ کیسے کام کریں گے۔ فیلڈ میں جاکر حالات کا جائزہ لینا وزیراعلیٰ کا کام ہے، آفس میں کرسی پر نہیں بیٹھ سکتی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعلی کا کام ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے رہنا نہیں۔
ادویات فراہم کرنا حکومت کا کام ہے، مریضوں نے میڈیسن بازار سے نہیں لینی۔ ہسپتالوں میں کیبنٹ رکھوا دیئے ہیں، مریضوں کو نظر آتا ہے کہ جو ادویات چاہیے وہ یہاں دستیاب ہیں۔ میرا کام پنجاب کے عوام کے مفاد میں بہترین فیصلے کرنا ہے، اس سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔ دریں اثنا مریم نواز چیئرمین پی اینڈ ڈی نبیل اعوان کی رہائش گاہ گئیں اور چیئرمین پی اینڈ ڈی نبیل اعوان اور اہل خانہ سے والدہ مرحومہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور بلند درجات کی دعا کی۔ مزید برآں کاشتکاربھائیوں کے لئے حکومت پنجاب نے صوبہ سے گندم کی نقل و حمل کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔ بین الصوبائی سرحدوں پر گندم کی آمدورفت پر روک ٹوک نہیں ہوگی۔ پنجاب سے گندم کی نقل و حمل کی اجازت سے کاشتکار کو فصل کا پورا فائدہ مل سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے گندم کے لئے ڈی ریگولیشن اورفری مارکیٹ پالیسی جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ نجی سیکٹر کے ذریعے گندم خریداری کی جائے گی۔



