کوئٹہ (ویب ڈیسک): بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دو مختلف کارروائیوں میں 12 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ان کا ایک اہم ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اور 6 اگست کو کی جانے والی یہ کارروائیاں ردالفتنہ 3 کے تحت جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا حصہ تھیں، جن کا مقصد ملک دشمن عناصر کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام یقینی بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی 5 اگست کو ضلع واشک میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسری کارروائی 6 اگست کو ضلع مستونگ میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آپریشن کے دوران مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کا ایک ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان، عزمِ استحکام کے وژن اور ردالفتنہ 3 مہم کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
بیان میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ ملک میں امن، استحکام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔



