لاہور (بیورو چیف): پنجاب کے تمام نو تعلیمی بورڈز نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا بیک وقت اعلان کر دیا۔ لاہور بورڈ میں کامیابی کا مجموعی تناسب 64.53 فیصد رہا، جبکہ ایک لاکھ سے زائد امیدوار امتحان میں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
لاہور بورڈ کے مطابق رواں سال 2 لاکھ 82 ہزار 308 طلبہ و طالبات نے امتحانات میں شرکت کی، جن میں سے 1 لاکھ 82 ہزار 186 امیدوار کامیاب قرار پائے، جبکہ 1 لاکھ 122 امیدوار فیل ہوئے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بٹن دبا کر نتائج آن لائن جاری کیے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ پنجاب بھر میں تقریباً 14 لاکھ طلبہ کے نتائج شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر تیار کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی بورڈز کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے اور جلد ہی طلبہ گھر بیٹھے آن لائن رزلٹ کارڈ حاصل کر سکیں گے۔
وزیر تعلیم نے بتایا کہ آئندہ سال سے امتحانی پرچوں کی سکرین مارکنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ طلبہ اپنے جوابی پرچے بھی آن لائن دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رزلٹ کارڈز ویریفائی شدہ ہوں گے، جس سے دوبارہ تصدیق کرانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کے لیے نقد انعام 20 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ہر پوزیشن ہولڈر کو ایک لیپ ٹاپ بھی دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نقل مافیا کے خلاف سخت کارروائیوں کے باعث اس سال نقل کے رجحان میں نمایاں کمی آئی ہے اور شفاف امتحانی نظام پر کسی جانب سے اعتراض سامنے نہیں آیا۔
تقریب میں لاہور بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز، اسناد، لیپ ٹاپ اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین لاہور بورڈ بدر الاسلام، سیکرٹری رضوان نذیر، کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن سمیت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دوسری جانب فیصل آباد بورڈ میں کامیابی کا تناسب 74.69 فیصد رہا، جہاں ایک لاکھ 92 ہزار 925 امیدواروں میں سے ایک لاکھ 44 ہزار 89 کامیاب قرار پائے۔ سرگودھا بورڈ میں کامیابی کی شرح 68.20 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ بھکر کے نبیل احمد کاظمی نے 1188 نمبر حاصل کرکے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ڈیرہ غازی خان بورڈ میں کامیابی کا تناسب 77.86 فیصد رہا، جہاں طالبات نے ایک بار پھر طلبہ پر سبقت حاصل کی۔ طالبات کی کامیابی کی شرح 84.05 فیصد جبکہ طلبہ کی 72.52 فیصد رہی۔ راولپنڈی بورڈ میں مجموعی کامیابی کا تناسب 61.31 فیصد، ملتان بورڈ میں 65.72 فیصد اور بہاولپور بورڈ میں 65.47 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر لاہور بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ جو طلبہ اپنے پرچوں کی ری چیکنگ کروانا چاہتے ہیں وہ 21 اگست تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ بورڈ کے مطابق ہر پرچے کی ری چیکنگ فیس 1100 روپے جبکہ درخواست کی پروسیسنگ فیس 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یہ نتائج صوبے بھر کے لاکھوں طلبہ اور ان کے والدین کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے امتحانی نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات کے اعلانات کو تعلیمی شعبے میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



