سعودی عرب کے ریئر ایڈمرل عبداللہ بن سلیم کثیرالاقوامی بحری دفاعی اتحاد کے کمانڈر مقرر

ریاض(ویب ڈیسک )سعودی عرب نے ریئر ایڈمرل عبداللہ بن سلیم الشہری کو نو قائم شدہ کثیرالاقوامی بحری دفاعی اتحاد کا کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔ اس اتحاد کا مقصد بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی، تجارتی راستوں اور توانائی کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق ریئر ایڈمرل عبداللہ بن سلیم الشہری اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے رکن ممالک اور دیگر بحری دفاعی اتحادوں کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی کو فروغ دیں گے، جبکہ سعودی عرب کی سربراہی میں منظور شدہ مشترکہ مشنز پر عمل درآمد کی نگرانی بھی کریں گے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے 30 جولائی کو اس کثیرالاقوامی بحری دفاعی اتحاد کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد بحیرہ احمر میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر عالمی بحری تجارت اور توانائی کی سپلائی چین کا تحفظ کرنا ہے۔
گزشتہ ماہ سعودی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان، ترکی، مصر، سوڈان، جبوتی سمیت 14 ممالک نے مشترکہ بیان کے ذریعے اس اتحاد کی حمایت کا اظہار کیا، جسے خطے میں بحری سلامتی اور دفاعی تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



