پاکستانتازہ ترین

بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار، پنجاب کابینہ نے 12 ارب 52 کروڑ روپے کی منظوری دے دی

ڈرنکنگ واٹر بوتل پر چارجز کی تجویز مسترد، 864واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر شروع، عوام کو پینے کا صاف پانی پہنچانا میرا عزم،مریم نواز

لاہور (سلمان حسین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 36واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے 12 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری سمیت ترقیاتی، انتظامی اور عوامی فلاح کے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے آغاز میں کابینہ ارکان نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے نواز شریف کی بے مثال قیادت پر ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کو واضح مینڈیٹ دے کر ترقی اور خدمت کی سیاست کی توثیق کی ہے۔

کابینہ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے 12 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی، جبکہ صوبے بھر میں 900 یونین کونسل سیکرٹریز کی بھرتی کی بھی اجازت دے دی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے کچہ علاقوں میں گزشتہ 30 برس کے دوران پہلی مرتبہ اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم کا خاتمہ ہوا ہے اور گزشتہ نومبر سے ان علاقوں میں جرائم کی شرح صفر رہی ہے۔ کابینہ نے کچہ میں تعینات پولیس کے لیے ایک ارب 10 کروڑ روپے مالیت کے اسلحہ، حفاظتی سامان، ہارڈ ایریا الاؤنس اور شہداء پیکیج میں نرمی کی بھی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں گندم کی کاشت کی حوصلہ افزائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اچھی فصل کے باوجود گندم کی قلت کا تاثر تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کو محکمہ تعلیم میں ضم کرنے، تعلیمی بورڈز میں جدید نظام متعارف کرانے اور مختلف سرکاری محکموں میں اصلاحات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک الیکٹرو بس سروس توسیع دینے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا اور دسمبر تک مزید 110 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کا خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں بوتل بند پینے کے پانی پر چارجز عائد کرنے کی ابتدائی تجویز مسترد کر دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں 864 واٹر فلٹریشن پلانٹس پر کام جاری ہے جبکہ مزید 1913 پلانٹس جلد شروع کیے جائیں گے۔ چار اضلاع میں پائلٹ منصوبے کے تحت روزانہ 10 ہزار بوتلیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جہاں صاف پانی کی سہولت دستیاب نہیں، وہاں ہر صورت بوتل بند پانی عوام کی دہلیز تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پینے کا پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

صوبائی کابینہ نے اجلاس میں چنیوٹ آئرن منصوبے، قائداعظم بزنس پارک، واسا کے ترقیاتی منصوبوں، مختلف محکموں میں بھرتیوں، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، جیل اصلاحات، والڈ سٹی لاہور، ٹیوٹا، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، نادرا معاہدے میں توسیع اور دیگر متعدد انتظامی و قانونی معاملات کی بھی منظوری دی۔

اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واشک اور مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے سکیورٹی اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button