پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

ٹریفک حادثات،جماعت اسلامی کے6 کارکنوں سمیت 13جاں بحق، 70زخمی

ٹھٹھہ بائی باس اور خیرپور میں بسیں الٹنے سے ہلاکتیں،درجنوں مسافر زخمی، کراچی میں ٹینکر نے 2بھائی کچل ڈالے ، چک شہزاد میں خاتون، ڈرائیور جاں بحق

کراچی ،اسلام آباد:(نمائندگان سی این این اردوڈاٹ کام )مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں 11 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ کراچی ٹھٹھہ بائی پاس پر جماعت اسلامی کراچی کے کارکنوں کی بس تیز رفتاری کے باعث الٹ کر کھائی میں گر گئی جس سے 6 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔

اورنگی ٹاؤن کے کارکن پکنک کیلئے جا رہے تھے،جاں بحق ہونے والوں میں اسداﷲ، ارباب، محمد رؤف، بشیر، احسان اﷲ اور ابرار علی شامل ہیں۔حادثہ ٹھٹہ مکلی درگاھ محمد علی پیر کے قریب پیش آیا۔ریسکیو 1122اور ایدھی ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں کو مکلی ہسپتال منتقل کیا گیا اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی کراچی توفیق الدین صدیقی کارکنوں کے ساتھ مکلی ہسپتال پہنچے اور زخمیوں کو کراچی ہسپتال منتقل کروایا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حادثے پر افسوس اور گہرے دکھ اظہار کیا اور لواحقین سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کورنگی روڈ پر تیز رفتار واٹر ٹینکر نے 2 کم عمر بھائیوں کو کچل دیا، دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئےجن کی شناخت 10 سالہ آیان اور 11 سالہ توصیف کے نام سے ہوئی ہے۔ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ مشتعل شہریوں نے ٹینکر کو آگ لگا دی۔

پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا۔خیرپور میں گمبٹ قومی شاہراہ پر مسافر بس تیزرفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے میں 3 مسافرجاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔بس کراچی سے مانسہرہ جارہی تھی۔ پولیس کے مطابق حادثہ بارش میں تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔اسلام آباد میں چک شہزاد روڈ پر تیزرفتار گاڑی نے کئی افراد کو کچل دیا، حادثے میں ایک خاتون اور گاڑی کا ڈرائیو جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا، خواتین سڑک کراس کرتے ہوئے گاڑی کی زد میں آئیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button