پاکستانتازہ ترینصحت

میو ہسپتال کی خونیں لفٹیں ’’تابوت‘‘ میں تبدیل ،حادثات معمول

شکایات کے باوجود کسی نے نوٹس نہیں لیا :متاثرین،تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی :ایم ایس فیصل مسعود

لاہور:(سید ظہیر نقوی)میوہسپتال میں لفٹیں تابوت کا منظر پیش کرنے لگیں حادثات معمول بن گئے۔چند روزقبل میو ہسپتال میں لفٹ گر نے کا واقعہ پیش آیا جس سے 11سٹاف نرسز اوردو مریضوں کی ساتھی خواتین بھی زخمی ہو گئیں تاہم کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔

میو ہسپتال کےٓ رتھوپیڈک وارڈ میں فرینڈز آف میو ہسپتال نامی تنظیم نے گزشتہ سال نئی لفٹ نصب کروائی تھی،ابتدائی انکوائری کے مطابق لفٹ فنی خرابی کی وجہ سے گری، آرتھوپیڈک سرجری میں جولائی 2023 میں لفٹس نصب کی گئی تھی۔

مریضوں اور ان کے لواحقین کے مطابق لفٹ سے پہلے سے آوازیں آرہی تھیں تاہم کسی نے نوٹس نہیں لیا جو حادثے کا سبب بن گئی،میو ہسپتال میں چند سالوں میں لفٹ گرنے کا تیسرا واقعہ ہے۔

ہیڈ نرسز شازیہ منیر، ایسٹر روف،ہیڈ نرس فرحانہ جبیں، نجمہ پروین اور عابدہ پروین،چارج نرس روبینہ زیدی، ارم شہزادی، ثمینہ اقبال ،طالبہ مریم رمضان، سپروائزر نورین امین، اٹینڈنٹ سونیا ممتاز لفٹ گرنے سے زخمی ہوئیں ۔

فائل فوٹو

نرسوں کا کہنا ہے کہ لفٹ گرنے کے بعد فوری طبی سہولت فراہم کی گئی ،شکرہے کسی کا جانی نقصان نہیں ہوا ،حادثہ غفلت اورزیادہ تعداد میں افراد کے لفٹ میں سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہےکہ لفٹوں پر سوار ہوتے ڈر لگتا ہے کہ کہیں کوئی حادثہ نہ پیش آجائے ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز فوری طور پر نوٹس لیں۔

ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر فیصل مسعودنے نمائندہ سی این این ڈاٹ کام کو بتایا کہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی رپورٹ کا انتظار ہے ،ذمہ داروں کیخلاف فوری ایکشن لیا جائے گا۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button