پاکستانتازہ ترینسپورٹس

نیشنل سٹیڈیم کا افتتاح: ٹیم ہارے یا جیتے سپورٹ کرنا ہے، محسن نقوی

آتشبازی کا شاندار مظاہرہ، مزدوروں کے اعزاز میں ریڈ کار پٹ تقریب، ٹکٹ دیئے گئے

لاہور،کراچی ( سلمان حسین سے ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم پر تنقید نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ٹیم چاہیے جیتے یا ہارے اُس کو سپورٹ کرنا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم میں مزدوروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا نیشنل سٹیڈیم اب پہلے سے بہتر ہوگیا تاہم کچھ حصے کی تعمیرات باقی ہیں جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا اور پھر ہم دوبارہ سے شاندار افتتاحی تقریب منعقد کریں گے۔
ٹیم ہارے یا جیتے اس کو سپورٹ کریں، جس طرح پچھلے نتائج دیئے ویسے ہی آگے بھی نتائج ملیں گے، پی سی بی کو رضوان، ٹیم اور سلیکشن ٹیم پر پورا بھروسہ ہے۔ ہمیں بھروسہ ہے کہ یہ میدان ماریں گے اور اللہ ہماری مدد کریں گے۔ کراچی والوں آپ کا سٹیڈیم بہت بہتر ہوگیا، سندھ حکومت اور میئر نے بہت سپورٹ کیا جس پر انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شائقین کی پارکنگ کیلئے جگہ بنارہے ہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ تعمیراتی کام میں حصہ لینے والے کارکن میچ کے ٹکٹ لے کر جائیں اور پاکستان کا کل ہونے والا میچ دیکھیں ساتھ میں دعا بھی کریں، لاہور میں غلطی ہوگئی تھی کنٹریکٹرز کو ٹکٹ دئیے جس کی وجہ سے بہت سارے لوگ رہ گئے تھے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں منعقدہ تقریب میں ورکرز کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی کی جانب سے 700سے زائد ورکرز کے اعزاز میں خصوصی طعام کا اہتمام کیا گیا۔ محسن نقوی نے دن رات محنت کر کے سٹیڈیم کا کام مکمل کرنے پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ مزدوروں کے ساتھ فردا فردا ملاقات اور بات چیت کی۔ محسن نقوی نے کہا آپ نے اپنی محنت سے دل جیت لئے ہیں۔ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہر مزدور ہمارا ہیرو ہے جنہوں نے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ قبل ازیں تزین و آرائش اور تعمیر کے بعد نیشنل سٹیڈیم کا شاندار افتتاح کیا گیا۔
افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی موجود تھے۔ تقریب میں محسن نقوی، صوبائی وزرا، اعلی حکام، معروف کرکٹرز اور معززین شہر کی بڑی تعداد کے علاوہ عام شہریوں نے شرکت کی،3 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے تزین و آرائش کے منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد منعقدہ افتتاحی تقریب میں رنگا رنگ موسیقی کا پروگرام بھی رکھا گیا۔ معروف گلو کاروں علی ظفر، شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا سمیت دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ سٹیڈیم میں نصب کی جانے والی جدید طرز کی ایل ای ڈی لائٹس کی مدد سے لیزر لائٹس شو ، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا ، تقریب میں شرکت کے لیے عام افراد کا داخلہ مفت رکھا گیا تھا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button