والد کو گندا پانی فراہم ،انتہائی خراب حالات میں قید ،امریکہ سے مدد کی توقع ہے:قاسم خان
واشنگٹن:(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسیر بانی عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے کہا ہے کہ ان کے والد کو ’ انتہائی خراب حالات’ میں قید رکھا گیا ہے اور یہ حالات ’ہر لمحے کے ساتھ مزید بگڑتے جا رہے ہیں۔‘
عمران خان کے بیٹوں، 28 سالہ سلیمان خان اور 26 سالہ قاسم خان نے مئی میں پہلی مرتبہ عوامی طور پر اپنے والد کی قید پر آواز اٹھائی تھی، رواں ماہ کے آغاز میں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا تھا کہ سلیمان اور قاسم، سابق وزیر اعظم کی رہائی کے مطالبے کی مہم کے سلسلے میں امریکا جانے کے بعد پاکستان آئیں گے۔
سلیمان اور قاسم امریکا گئے تھے جہاں انہوں نے امریکی قانون سازوں سے اپنے والد کی قید کے معاملے پر ملاقاتیں کی تھیں۔
عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جہاں وہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں، جبکہ 9 مئی 2023 کے احتجاج سے متعلق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ان کے خلاف دیگر مقدمات بھی زیر سماعت ہیں۔
امریکی میڈیا ادارے ’ ریئل امریکا وائس’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، جسے آج شیئر کیا گیا، قاسم خان نے کہا کہ ’ اس وقت وہ ( عمران خان) انتہائی خراب حالات میں ہیں، اور ایسا لگتا ہے کہ ہر لمحہ یہ حالات مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں، اس لیے ہم کسی بھی ممکنہ راستے کی تلاش میں ہیں۔’
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو ’ قید تنہائی’ میں رکھا گیا ہے، اور بتایا کہ’جس سیل میں وہ ہیں، اس کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے، صاف الفاظ میں، وہ جگہ قابل رہائش نہیں۔’
انہوں نے الزام لگایا کہ ’ وہ کیچڑ سے آلودہ پانی سے نہا رہے ہیں، میرا مطلب فلٹر نہ ہونے والا پانی نہیں، بلکہ واقعی گندا اور کیچڑ بھرا پانی ہے، اس جیل میں ایسی حالت میں قید 10 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔’
قاسم نے اپنے والد سے نہ مل سکنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ ایسے لمحات بھی آئے جب وہ دس دن تک بغیر روشنی کے سیل میں رہے،’ انہوں نے اسے ’ تشدد کی حکمت عملی’ قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ انہیں دن میں صرف دو گھنٹے روشنی نصیب ہوتی ہے، ہمیں ان سے کسی قسم کی بات چیت کی بھی اجازت نہیں ہے۔’
قاسم خان نے کہا کہ وہ اور ان کے بھائی اس وقت امریکا سے مدد کی توقع کر رہے ہیں،’ یہاں کے بہت سے لوگ تشویش کا اظہار کر رہے ہیں، اور لگتا ہے کہ یہی اس وقت واحد ممکنہ راستہ ہے۔’
انہوں نے بتایا کہ ان کی ملاقات سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی رچرڈ گرینیل سے ہوئی، اور کہا کہ’ گرینیل نے ہمارے لیے وقت نکالا، یہ ان کی مہربانی تھی، ہم نے تفصیل سے بات کی، میں اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا، مگر مجھے اس سے بہت امید بندھی ہے۔’
قاسم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جیل میں رہتے ہوئے فروری 2024 کے انتخابات جیتے، جنہیں انہوں نے ’ شدید دھاندلی’ کا شکار قرار دیا۔
قاسم خان نےکہا کہ’ انتخابات سے پہلے جو خفیہ چالیں چلی گئیں، ان سب کے باوجود وہ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔’



