لاہور ( سلمان حسین) ایشیا کپ 2025 بھارت کے بجائے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) میں کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ایشیاء کپ رواں سال بھارت میں شیڈول ہے۔
ٹورنامنٹ مجوزہ طور پر ستمبر میں یو اے ای میں کرانے کا قوی امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایشیا کپ کی میزبانی بھارت کے پاس ہے جبکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی تنائو کے باعث ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کرائے جانے کا امکان ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق وینیو کا حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کرے گی، ایشیا کپ کے میچ کرانے کیلئے اس وقت سری لنکا اور یو اے ای زیرِ غور ہیں، دونوں وینیوز میں سے کسی ایک کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔ ایشیا کپ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
رواں سال ہونے والے ایشیا کپ میں دو ہفتے تک 19میچ کھیلے جائیں گے، ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت سمیت آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی۔



