لاہور:(سید ظہیر نقوی سے )محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرنے احسن اقدام اٹھا تے ہوئے پنجاب بھر میں 16سکیل کی 3ہزار چارج نرسیں بھرتی کرلیں۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے چند ماہ قبل پنجاب پبلک سروس کمیشن کو خط لکھتے ہوئے درخواست کی تھی کہ جلد ازجلد پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے لئے 3ہزار نرسز کے لئے مناسب امیدواروں کا انتخاب کرکے بھرتی میں مدد کی جائے ۔
علاوہ ازیں محکمہ سپیشلائز ڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے گریڈ 17کی 456 ہیڈ نرسوں کی خالی اسامیوں پر بھرتی کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو ریکوزیشن بھجوا دی ہے۔
گریڈ 17کی 113 نرسنگ انسٹرکٹرز/کلینیکل نرسنگ انسٹرکٹرز/ ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹس کی بھرتیوں کیلئے بھی پنجاب پبلک سروس کمیشن کو ریکوزیشن بھجوائی گئی ہے ۔گریڈ 18کی 32 چیف نرسنگ انسٹرکٹرز/ پرنسپلز/ وائس پرنسپلز کی بھرتیوں کیلئے بھی ریکوزیشن پنجاب پبلک سروس کمیشن کو بھجوائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں نرسوں کی کمی کی بڑی وجہ بیرون ملک نوکری کیلئے جانے کا رجحان بھی تھا جس کی وجہ سے پنجاب کے بہت بڑے ہسپتالوں میں سٹاف نرسنگ کی کمی کی وجہ سے کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔
سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ میر نواز بھروانہ کی کاوشوں کی وجہ سے پی پی ایس سی کے ذریعےنئے 3 ہزار نرسنگ سٹاف کو بھرتی کیا گیا ہے۔
سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمودنےنمائندہ سی این این اردوڈاٹ کام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی بھرتی نرسوں کو جلد پورے پنجاب کے ہسپتالوں میں تعینات کیا جائے گاجس سے ہسپتالوں میں مسائل میں کمی آئے گی اور شہریوں کوعلاج معالجے کی بہترین سہولیات مل سکیں گی۔
دوسری جانب مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے اس اقدام سے نہ صرف نرسوں کی کمی کا مسئلہ حل ہو گا بلکہ فوری اور بروقت طبی سہولتوں کی فراہمی سے قیمتی جانیں بھی بچائی جاسکیں گی۔
نئی بھرتی ہونے والی نرسوں نے سی این این اردوڈاٹ کام سے گفتگو میں کہا ہے کہ اپنے فرائض کو عبادت سمجھ کرادا کریں گی،محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کیئرکے اقدامات سے بیروزگاری کے مسائل بھی حل ہوں گے۔



