چین کا سی پیک اپ گریڈڈ ورژن کیلئے پاکستان کی مدد کا اعلان
آصف زرداری کی چینی ہم منصب سے ملاقات،کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط،امید ہے پاکستان چینی اہلکاروں کی سکیورٹی، دہشتگردی کیخلاف تعاون مضبوط بنائیگا: شی جن پنگ
بیجنگ:(ویب ڈیسک ) صدر مملکت آصف زرداری نےچین کے دارالحکومت بیجنگ میں چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں سی پیک منصوبوں میں تیزی پر بات ہوئی جبکہ پاکستان اور چین کے دومیان مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط بھی کئے گئے۔
چین کے سرکاری دورے پر موجود صدر مملکت آصف علی زرداری بیجنگ میں گریٹ ہال آف دی پیپل پہنچے تو چین کے صدر شی جن پنگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
چینی صدر شی جن پنگ اور صدر آصف زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں چینی شہریوں کی پاکستان میں سیکیورٹی اور سی پیک منصوبوں میں تیزی پر بات ہوئی۔ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور وفد کےاراکین بھی موجود تھے، پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یاد داشوں پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان اور چین کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے ،صنعت، تجارت، اقتصادی شعبوں میں تعاون کے فروغ کی یاد داشتوں پر دستخط کیے گئےپاکستان اور چین صحت، میڈیا، توانائی، سماجی، اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔
صدر زرداری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئےچینی صدر شی جن پنگ نے کہا چین اور پاکستان آہنی دوست اور ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں، پاکستان کےلئے چین کی دوستانہ پالیسی ہمیشہ تمام پاکستانی عوام کی جانب مرکوز رہی ہے، مشترکہ طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اپ گریڈڈ ورژن بنانے اور پاکستان کی ترقیاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد کےلئے تیار ہے۔
اگلے سال چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جائے گی اور دونوں فریقوں کو ثقافت، تعلیم اور میڈیا کے شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مزید گہرا کرنا چاہئے۔ صدر آصف زرداری نے کہا چاہےعالمی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونما کیوں نہ ہوں پاکستان چین کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔



