کشمیری رہنما یاسین ملک کی بھارتی جیل میں طبیعت بگڑ گئی
پانچ دن سے بھوک ہڑتال پر، علاج معالجے کی سہولت سے محروم
سرینگر(ویب ڈیسک ) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی جیل میں طبیعت بگڑ رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال پانچویں دن بھی جاری ہے اور بھوک ہڑتال کی وجہ سے ان کی طبیعت تیزی سے بگڑ رہی ہے۔ لبریشن فرنٹ کی طرف سے سرینگر میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد یاسین ملک 5دن سے مسلسل بھوک ہڑتال پر ہیں اور انہیں علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھا جارہا ہے۔ چیئرمین جے کے ایل ایف نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری نظر بندوں کی طویل غیر قانونی قید کے خلاف احتجاج کے لیے بھوک ہڑتال شروع کی۔ وہ جیل میں اپنی طبیعت خراب ہونے کے باوجود اپنے مطالبات پر قائم ہیں جن میں تمام کشمیری سیاسی نظر بندوں کی رہائی اور جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کا خاتمہ شامل ہے۔



