’’کنٹینر کپل‘‘اسلام آباد میں نوبیاہتا جوڑے کی فوٹوشوٹنگ وائرل
اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسلام آباد میں ’’کنٹینر کپل‘‘ نوبیاہتا جوڑے کی فوٹوشوٹنگ وائرل ہوگئی۔
تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد نے گذشتہ چند دنوں سے ’کنٹینر سٹی‘ کا روپ دھارا ہوا ہے۔
قریب 25 لاکھ آبادی والے اس شہر کو ’کنٹینر سِٹی‘ کا نام اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے اگست 2024 میں دیا تھا ۔
سڑکوں کی اسی بندش کے باعث جہاں بہت سے شہری نالاں ہیں وہیں چند ایسے بھی ہیں جو اسی کرائسس جیسی صورتحال کو اپنے لیے یادگار لمحات میں تبدیل کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ایسے نوبیاہتا جوڑے کی تصاویر وائرل ہیں جنھوں نے اپنے ولیمے کا فوٹو شوٹ کنٹینرز کے سامنے کروایا ہے۔
یہ خولہ اور قاسم ہیں جن کا کنٹینرز کے سامنے شوٹ کروانے کا ’مشکل وقت میں لیا گیا فیصلہ‘ اب سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
اس غیرمعمولی فیصلے نے انھیں سوشل میڈیا پر کیسے ’کنٹینر کپل‘ کا ٹائٹل دلوایا۔
قاسم ایک کینیڈین کمپنی میں بطور بزنس ڈویلپمنٹ مینیجر کے طور پر کام کرتے ہیں جبکہ خولہ ایک سکول ٹیچر ہیں جن کی حال ہیں میں شادی ہوئی ہے۔
خولہ بتاتی ہیں کہ ’ہماری مہندی، بارات اور ولیمہ، یعنی تینوں فنکشنز اسلام آباد میں ہونا تھے۔ مگر موجودہ صورتحال کے باعث مہندی کی تقریب کو جلدی ختم کرنا پڑا۔
’آخری روز ہم اس جگہ کے لیے نکلے جہاں ولیمے کا شوٹ ہونا تھا تو راستے بند تھے اور بہت سے کنٹینرز تھے۔ چنانچہ ہم نے سوچا کہ کنٹینرز کے سامنے ہی شوٹ کرتے ہیں۔ یاد تو رہے کہ یہ ہوا تھا ہماری شادی پر۔‘
قاسم بتاتے ہیں کہ ان کے ویڈنگ فوٹو گرافر نے انھیں مشورہ دیا کہ اگر وہ کنٹینرز کے سامنے شوٹ کرواتے ہیں تو یہ شادی یادگار بن جائے گی۔
قاسم کہتے ہیں کہ ’ہمارے فنکشنز متاثر ہوئے، ہماری شادی کے کپڑے خراب ہوئے مگر ہم نے آخر میں ایک ایسی چیز ڈھونڈ لی جس نے ہماری شادی کو یادگار بنا دیا۔‘



