انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

سربراہ بھارتی فضائیہ دماغی توازن کھو بیٹھے،6طیارے گرانے کا دعویٰ،پاکستان نے بیان مضحکہ خیزقراردیدیا

نئی دہلی،اسلام آباد:(ویب ڈیسک)بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے جنگ کے 3 ماہ بعد مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے جھڑپوں کے دوران 5 پاکستانی لڑاکا طیارے اور ایک فوجی طیارہ مار گرایا تھا، یہ بیان بھارت کی طرف سے ہمسایہ ملک کے ساتھ کئی دہائیوں میں بدترین فوجی تنازع کے بعد پہلا ایسا دعویٰ ہے۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے جنوبی شہر بنگلورو میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ زیادہ تر پاکستانی طیارے بھارت کے روسی ساختہ ایس-400 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظام سے مار گرائے گئے، انہوں نے دعوے کی تصدیق کے لیے الیکٹرانک ٹریکنگ ڈیٹا کا حوالہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کم از کم 5 لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق ہے اور ایک بڑا طیارہ بھی، انہوں نے مزید کہا کہ بڑا طیارہ جو کہ ممکنہ طور پر ایک نگرانی کا طیارہ ہو سکتا ہے، 300 کلومیٹر (186 میل) کے فاصلے پر مار گرایا گیا۔

اے پی سنگھ نے کہا کہ یہ دراصل تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ شدہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا حملہ ہے، جس پر مجمع نے تالیاں بجائیں جس میں فضائیہ کے موجودہ افسران، سابق فوجی اور حکومت و صنعت کے اہلکار شامل تھے۔

دریں اثنا پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل اے پی سنگھ کے آپریشن سندور سے متعلق حالیہ بیانات کو بے بنیاد اورغیرحقیقی قرار دے دیا۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز ہے کہ بھارتی فوج کے سینئر افسران کو ان ناکامیوں کا چہرہ بنایا جا رہا ہے، جو دراصل بھارتی سیاسی قیادت کی اسٹریٹجک کوتاہیوں کا نتیجہ ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تین ماہ تک بھارت کی جانب سے کوئی ایسا دعویٰ سامنے نہیں آیا جبکہ پاکستان نے فوری طور پر بین الاقوامی میڈیا کو تفصیلی تکنیکی بریفنگز دیں اور غیر جانب دار مبصرین اور غیر ملکی انٹیلی جنس رپورٹس نے متعدد بھارتی طیاروں، بشمول رافیلز کی تباہی کی تصدیق کی، جس کا اعتراف بعض عالمی رہنماؤں اور بھارتی سیاست دانوں نے بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بھی پاکستانی طیارہ نشانہ بنانے میں ناکام رہا، پاکستان نے 6 بھارتی جنگی طیارے، ایس-400 ایئر ڈیفنس سسٹمز اور بھارتی ڈرونز تباہ کیے اور ساتھ ہی کئی بھارتی فضائی اڈوں کو بھی ناکارہ بنا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، پاکستان نے بھارت کو چیلنج کیا کہ دونوں ممالک اپنے طیاروں کی فہرستیں آزاد ماہرین کے سامنے پیش کریں تاکہ حقیقت دنیا پر آشکار ہو لیکن خدشہ ہے بھارت ایسا کرنے سے کترائے گا۔

وزیردفاع نے بتایا کہ جنگیں جھوٹ سے نہیں بلکہ اخلاقی برتری، قومی عزم اور پیشہ ورانہ مہارت سے جیتی جاتی ہیں، اس طرح کے بیانات نہ صرف عوام کو گمراہ کرتے ہیں بلکہ ایک ایٹمی خطے میں خطرناک اسٹریٹجک غلط حساب کتاب کا باعث بن سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیانِ مرصوص کے دوران بھی پاکستان نے واضح کر دیا تھا کہ اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی ہر خلاف ورزی کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا اور کسی بھی ممکنہ بگڑتی صورت حال کی ذمہ داری ان بھارتی رہنماؤں پر عائد ہوگی جو قلیل مدتی سیاسی فائدے کے لیے خطے کے امن کو داؤ پر لگاتے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button