پاکستانتازہ ترین

مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی: مزید 337 بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

واہگہ بارڈر پر پرتپاک استقبال، سکھ یاتریوں کیلئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات

لاہور(بیورو چیف) مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے مزید 337 بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ واہگہ بارڈر پر وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب اور پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

بھارتی سکھ یاتریوں کی آمد پر خصوصی لنگر کا اہتمام کیا گیا جبکہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے مہمانوں کا استقبال کیا گیا۔ حکام کے مطابق تمام یاتریوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ان کے قیام و طعام کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی اور دیگر سکھ وفود نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے انہیں مثالی قرار دیا۔

سکھ یاتری اپنے دورہ پاکستان کے دوران ننکانہ صاحب، کرتارپور، حسن ابدال اور دیگر تاریخی گوردواروں کی یاترا کریں گے۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب 29 جون کو گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوگی، جس میں پاکستان، بھارت اور دنیا بھر سے سکھ رہنما، مذہبی شخصیات اور یاتری شرکت کریں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی مقامات کی یاترا سے متعلق دوطرفہ پروٹوکول کے تحت ہر سال سکھ یاتری مختلف مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آتے ہیں، جہاں ان کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button