"پاکستان کی ثالثی میں امریکہ ایران مذاکرات شروع، وزیراعظم کا عالمی امن کیلئے اہم موقع قرار”
برگن اسٹاک (ویب ڈیسک): امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لیے پاکستان اور قطر کی ثالثی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ مذاکرات کے اختتام پر ایک مضبوط معاہدے کی دستاویز سامنے آئے گی جو عالمی امن کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکراتی عمل کے آغاز سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی امن کے لیے ایک اہم موقع ہے، ہم مل کر دنیا میں اتحاد قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی سے دنیا بھر میں امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی متحرک کوششوں کے باعث یہ اجلاس ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یہ مذاکرات آنے والے وقت میں مثبت اور نتیجہ خیز پیش رفت کا باعث بنیں گے۔
شہباز شریف نے امریکہ ایران مذاکرات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس عمل کے لیے انتھک محنت کی۔
پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر پذیرائی
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مذاکراتی عمل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ابتدا سے ہمارے ساتھ رابطے میں رہے اور پاکستان کا مثبت کردار دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات اور سکیورٹی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ امریکہ ایران کے ساتھ تعلقات میں بنیادی تبدیلی کے لیے تیار ہے، تاہم ایران کو اپنے جوہری عزائم ترک کرکے علاقائی استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
امریکہ ایران مذاکرات کو تاریخی قرار دے دیا گیا
جے ڈی وینس نے امریکہ ایران مذاکرات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تکنیکی سطح کے مذاکرات کے دوران تمام اختلافات فوری طور پر ختم نہیں ہوں گے، تاہم یہ دونوں ممالک کو ایک ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرنے کا اہم موقع فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سفارتی راستے کے ذریعے مسائل کے حل کے خواہاں ہیں اور خطے میں امن کا قیام امریکہ کی ترجیح ہے۔
قطر نے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا
قطری وزارت خارجہ کے مطابق امید ہے کہ یہ مذاکرات مفاہمتی یادداشت کے تمام نکات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایک جامع اور مستقل معاہدے پر منتج ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ خصوصی تکنیکی ماہرین پر مشتمل گروپس تشکیل دیے گئے ہیں جو معاہدے کے مختلف نکات پر بات چیت کر رہے ہیں، جبکہ فالو اپ گروپس مذاکراتی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔
قطر نے کہا کہ پاکستان اور قطر دونوں فریقین کو مثبت مذاکراتی ماحول فراہم کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ سفارتکاری ہی تنازعات کے حل کا بہترین راستہ ہے۔
وزیراعظم کی سوئس نائب صدر سے ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ اِگنازیو کاسِس سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکہ ایران مذاکرات اور پاکستان کے ثالثی کردار پر گفتگو ہوئی۔
سوئس وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کے عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور آئندہ مراحل میں تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب مذاکرات خطے میں پائیدار امن اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ایران اور امریکہ سے امن کیلئے امیدیں وابستہ ہیں
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی قیادت نے حالیہ بحران کو سنجیدگی اور بردباری سے سنبھالا اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی امن کے خواہاں ہیں اور امید ہے کہ مذاکرات خطے میں استحکام اور خوشحالی کا نیا راستہ کھولیں گے۔



