5Gسپیکٹرم بولی مکمل، حکومت کو510ملین ڈالر ملیں گے
آئندہ ہفتے سے چند شہروں میں پائلٹ پراجیکٹ شروع ہو جائیگا، شزا فاطمہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں 5 جی سپیکٹرم نیلامی کے دوسرا مرحلے میں 2600اور 3500میگا ہرٹز بینڈ کی بولی کا عمل مکمل ہوگیا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 2600میگا ہرٹز سپیکٹرم بینڈ اور 3500میگا ہرٹز سپیکٹرم بینڈ میں پوزیشننگ کیلئے بولی کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
2600میگا ہرٹز والی پوزیشننگ کیلئے بولی 3رائونڈز میں جبکہ 3500میگا ہرٹز والی پوزیشننگ کیلئے بولی 5رائونڈز میں مکمل ہوئی۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کے ساتھ پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن ہے، فائیوجی انٹرنیٹ سروس سے ڈیجیٹل نیشن کی راہ ہموار ہوگی۔
آئندہ ہفتے سے چند شہروں میں فائیو جی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع ہوجائے گا، سپیکٹرم کی کل مقدار ساڑھے سات ہزار میگا ہرٹز سے بڑھ گئی ہے۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان فائیو جی کے دور میں داخل ہو گیا ہے، فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی اہم سنگ میل ہے جس سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے راستے کھل گئے، ہم جدید دور کی جانب گامزن ہیں۔
پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل ( ر) حفیظ الرحمان کے مطابق پہلے اور دوسرے مرحلے کی نیلامی سے مجموعی طور پر 510ملین ڈالر ریونیو حاصل ہوگا جو پاکستانی روپے میں تقریباً 142ارب روپے بنتا ہے۔ اس موقع پر پی ٹی سی ایل کے نوید بٹ نے کہا کہ حکومت نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے اب ٹیلی کام کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بہتر سروسز فراہم کریں۔



