پرتھ(ویب ڈیسک )پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی اور یوں کینگروز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر 22 سال بعد ون ڈے سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔ آخری میچ میں پاکستانی پیس بیٹری نے کینگروز کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، قومی ٹیم نے 31.5 اوورز میں آسٹریلیا کے 9 کھلاڑی 140 رنز پر آؤٹ کردیے جب کہ ایک کھلاڑی انجری کی وجہ سے دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف 27 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی نے ایک بار پھر پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کو 84 رنز کا آغاز فراہم کیا۔پچھلے میچ میں نصف سنچریاں بنانے والے صائم ایوب نے 42 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عبداللہ شفیق 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان 30 اور بابراعظم 28 رنز پر ناقابل شکست رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے دونوں وکٹیں لینس موریس نے حاصل کیں۔حارث رؤف کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا، انہوں نے سیریز میں 10 وکٹیں حاصل کیں،آسٹریلیا کی جانب سے سین ایبٹ 30 رنز بناکر نمایاں رہے اور ان کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی اس میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئی، جیک فریزر میکگورک صرف 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور میتھیو شارٹ نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان جوش انگلس بھی 7 ہی رنز بناسکے، ایرون ہارڈی نے 12 رنز بنانے میں کامیاب رہے، کوپر کونولی 7 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، محمد حسنین کی گیند ان کے ہاتھ پر لگی جس سے وہ انجرڈ ہوگئے۔
گلین میکسوئل مسلسل تیسرے میچ میں حارث رؤف کا شکار بنے، وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، آل راؤنڈر مارکس اسٹونئس بھی 8 رنز ہی بناسکے، ایڈم زمپا نے 13 رنز بنائے۔قومی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ نے اور شاہین شاہ آفریدی نے 3،3 حارث رؤف نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی



