پنجاب پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی کے حوالے سے گائیڈ لائن جاری
لاہور:(بیوروچیف)پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا پالیسی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے حوالے سے گائیڈ لائن جاری کردی۔
وضاحتی گائیڈ لائن میڈیا پالیسی کی شق 6 اور 9 کے ذیلی پیروں کے تحت جاری کی گئی،ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس میڈیا پالیسی کے تحت فیلڈ افسران کو انٹرویو سے قبل اجازت لینا ہو گی۔

کسی بھی کیس کے حوالے سے انٹرویو اجازت سے مشروط ہو گا،عدالتی احکامات میں بھی پولیس کو انٹرویوز میں اضافی ذمہ داری کا حکم دیا گیا ہے۔

کسی بھی کیس سے متعلق غیر ذمہ دارانہ گفتگو کیس پر اثر انداز ہو سکتی ہے،اجازت کی شرط رکھنے سے حساس مقدمات میں ذمہ داری مزید بڑھے گی۔
میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی، میڈیا پالیسی کا محور عوام اور میڈیا تک معیاری اور تعمیری معلومات پہنچانا ہے،میڈیا کے توسط سے عوامی آگاہی کا کام موثر طریقے سے جاری رہے گا،پولیس کے ذمہ دارانہ رویے سے میڈیا کو تعمیری کردار میں مزید مدد ملے گی۔



