ایران کا جوہری تنصیبات کو مزید طاقت کےساتھ دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان
ایٹمی ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں،ہمارا سارا جوہری پروگرام ، بیماریوں کے علاج اور صحت کیلئے ہے، عمارتیں ، فیکٹریاں تباہ کرنے سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں:مسعود پزشکیان
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اپنی جوہری تنصیبات کو مزید طاقت کے ساتھ دوبارہ تعمیر کرے گا، تاہم ملک ایٹمی ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ بات ایرانی صدر نے ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے دورے کے دوران کہی جہاں انہوں نے ملک کی جوہری صنعت کے سینئر حکام سے ملاقات کی۔انہوں نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارتوں اور فیکٹریوں کو تباہ کرنے سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، ہم انہیں دوبارہ تعمیر کریں گے اور اس بار زیادہ طاقت کے ساتھ،ہمارا سارا جوہری پروگرام عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہے یہ بیماریوں کے علاج اور عوام کی صحت کیلئے ہے۔

خیال رہے کہ جون میں امریکا نے ایران کی ان جوہری تنصیبات پر حملے کئے تھے جنہیں امریکہ کے مطابق ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کا حصہ سمجھا جاتا ہے تاہم ایران کا موقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر غیر فوجی مقاصد کیلئے ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے جون میں امریکی حملوں سے تباہ شدہ جوہری تنصیبات کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کی تو وہ ایران کے جوہری مراکز پر نئے حملوں کا حکم دیں گے۔



