مشرق وسطیٰ جنگ، پاکستان سمیت عالمی سٹاک مارکیٹوں میں بھونچال، تیل مزید مہنگا ہونیکا خدشہ
لاہور،دبئی(بیوروچیف،ویب ڈیسک)مشرق وسطیٰ میں جنگ سے دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں بھونچال آ گیا۔ ممبئی سٹاک ایکسچینج کا سینسیکس 1291 پوائنٹس کم ہوکر 79995 ہوگیا اور نفٹی ففٹی 416 پوائنٹس کم ہوکر 24761 ہے۔ دوسری جانب جاپان سٹاک مارکیٹ 1.9فیصد اور کورین سٹاک مارکیٹ 2فیصد گر گئی۔
مشرق وسطی میں جاری جنگ کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبارکا منفی دن رہا۔ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز پہلے کاروباری دن کا آغاز ہی 15 ہزار پوائنٹس کی کمی سے ہوا جس پر مارکیٹ کا کاروبار 45 منٹ کیلئے معطل رہا۔
کاروبار بحال ہونے پر انڈیکس کی گراوٹ 50 فیصد کم ہوئی لیکن سرمایہ کاری کے منفی رجحان کے سبب100 انڈیکس کاروبار کے اختتام تک 16 ہزار 89 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 51 ہزار 972 پر بند ہوا ہے۔ بازار میں 80 کروڑ شیئرز کے سودے 48 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک ہزار 745 ارب روپے کم ہوکر ایک لاکھ 71 ہزار 185 ارب روپے ہوگئی ہے۔
اس صورتحال کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔برینٹ خام تیل کی قیمت میں 5.79 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح خام تیل کی قیمت 4.22 ڈالرز بڑھ کر 77.09ڈالرفی بیرل ہوگئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمت 100 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔



