
اسلام آباد ( ویب ڈیسک) عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی انتخابات مکمل، شاہد خاقان عباسی صدر، مفتاح اسماعیل بلا مقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب، چودھری انعام ظفر بھاری اکثریت سے مرکزی نائب صدر منتخب۔
عوام پاکستان پارٹی نے الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت کی، پارٹی نے دو مراحل پر مشتمل انتخابی عمل مکمل کیا۔
پہلے مرحلے میں ملک بھر میں انٹرا پارٹی الیکشن جبکہ دوسرے مرحلے میں مرکزی انتخابات منعقد کئے گئے، جن میں کارکنوں کو براہ راست اپنے نمائندوں کے انتخاب کا موقع فراہم کیا گیا۔ انتخابات میں شفافیت، میرٹ اور جمہوری اصولوں کو یقینی بنایا گیا، جسے پارٹی ممبران نے ایک مثبت اور صحت مند روایت قرار دیا گیا۔
عوام پاکستان پارٹی ترجمان کے مطابق مرکزی سطح پر ہونے والے انتخابات کے نتائج جاری کر دئیے گئے، شاہد خاقان عباسی کو صدر، مفتاح اسماعیل کو سیکرٹری جنرل اور ظفر مرزا کو سیکرٹری انفارمیشن بلا مقابلہ منتخب کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق انتخابی عمل صاف و شفاف بنیادوں پر مکمل کیا گیا، جس نے پارٹی کی جمہوری سوچ اور مضبوط تنظیمی ڈھانچے کو واضح کیا۔ دوسری جانب چودھری انعام ظفر کو بھاری اکثریت سے مرکزی نائب صدر منتخب کر لیا گیا، جبکہ حافظ عثمان عباسی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کے عہدے پر کامیاب قرار پائے۔
انتخابات کا ٹرن آئوٹ 85.5فیصد رہا، جسے عوامی حلقوں نے مستقبل کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا، سیکرٹری فنانس کی سیٹ پر اکبر عمران شوکت، کوآرڈینیٹر اوورسیز کی سیٹ پر طارق چیمہ منتخب ہوئے، جبکہ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کی سیٹ پر 2، نائب صدر کی سیٹ پر 6، جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ پر 12امیدوار منتخب ہوئے۔
انتخابات کو کارکنوں اور رہنمائوں کی جانب سے بھرپور اعتماد کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ پارٹی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ یہ انتخابات اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام پاکستان پارٹی ملک میں جمہوریت، شفافیت اور منصفانہ انتخابی عمل کے فروغ کے لیے سنجیدہ ہے اور آئندہ بھی اسی روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔



