اسلام آباد ( ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی) ماحولیاتی چیلنجز اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے پاکستان کو 15سال کی مدت کے لیے رعایتی قرضہ فراہم کرے گا اور تین سال کا گریڈ پیریڈ شامل ہوگا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے فراہم کیے جانے والے اس قرض کے تحت قریباً 280ارب روپے کلائمیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر خرچ کیے جائیں گے، جن میں سیلاب سے بچائو، زرعی ترقی، غذائی تحفظ اور دیہی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 10لاکھ ڈالر کی تکنیکی گرانٹ بھی فراہم کرے گا۔ پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرمایہ کاری اس وقت ناکافی ہے، جبکہ ملک کو سالانہ 30سے 60ارب ڈالر کے مالی خلا کا سامنا ہے۔
اے ڈی بی کے قرض کی مدت 15سال اور تین سال کی رعایتی مدت بھی شامل ہے، قرض کی واپسی کی اوسط ادائیگی مدت تقریبا 12سال ہے، شرح سود ایشیائی ترقیاتی بینک کے لچکدار قرض پروگرام کے مطابق ہوگی اور غیر استعمال شدہ رقم پر 0.15فیصد سالانہ چارج لاگو ہوگا۔



